آرمی چیف کا بہاولپور اور اوکاڑہ کا الوداعی دورہ، فوجیوں کو قوم کی خدمت جاری رکھنے کی ہدایت
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے الوداعی دوروں کے سلسلے میں بہاولپور اور اوکاڑہ کا دورہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے الوداعی دوروں کے سلسلے میں بہاولپور اور اوکاڑہ کا دورہ کیا، انہوں نے یادگار شہداء پر حاضری دے کر پھولوں کی چادر چڑھائی جب کہ فارمیشنز کے افسران و دستوں سے خطاب کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خیرپور ٹامیوالی میں پاک فوج اور پاک فضائیہ کے انٹیگریٹڈ فائر پاور مشقوں کا بھی مشاہدہ کیا، جہاں بہاولپور کور کے دستوں نے پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں، کوبرا گن شپ ہیلی کاپٹروں اور میکنائزڈ دستوں نے میدان جنگ کے حالات میں مربوط فائر پاور کا مظاہرہ کیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق جنرل باجوہ نے مشقوں کے دوران تربیتی معیار، آپریشنل تیاریوں اور افسران و جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے دورے کے دوران فوجیوں کو ہدایت کی کہ وہ ہر حال میں روایتی جوش اور جذبے کے ساتھ قوم کی خدمت کرتے رہیں۔
Comments are closed on this story.