Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

بس بہت ہوگیا! عمران خان نے گھڑی کے معاملے پرقانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا

چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹوئٹرپرسخت ردعمل
اپ ڈیٹ 16 نومبر 2022 07:37pm

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سسے تحفے میں دی گئی گھڑی سے متعلق تازہ دعووں پرردعمل سامنے آگیا ہے۔

گزشتہ رات جیو ٹی وی کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں پاکستانی نژاد اماراتی بزنس مین عمرفاروق ن عمران خان کی جانب سے بیچے گئے تحائف کا خریدار ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی سابق وزیراعظم کے سابق مشیراحتساب شہزاد اکبر سے ملاقات رہتی تھی جنہوں نے اکال کرکے منفرد گھڑی فروخت کے لیے پیش کی۔

عمرفاروق کے مطابق ان کی جانب سے حامی بھرنے کے بعد بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی یہ تحفہ لیکردبئی پہنچیں، گھڑی کی تصدیق کیلئے گراف کی دکان پرگیا جہاں دکان والے نے بتایا کہ قیمتی گھڑی سیٹ کی قیمت 10 سے 15 ملین ڈالرز ہے کیونکہ یہ دنیا میں واحد ہے۔پاکستانی بزنس مین نے یہ گھڑی 2 ملین ڈالرز میں خریدی۔

عمران خان نے ردعمل میں ٹوئٹرپراپنے پیغام میں لکھا، “ بس بہت ہوگیا“۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ، “ کل جیو اور شاہ زیب خانزادہ نے ہینڈلرزکے تعاون سے ایک جانے پہچانے فراڈیے اور بین الاقوامی مطلوب مجرم کی طرف سے تیار کی گئی بے بنیاد کہانی کی بنیاد پرمجھ پربہتان لگایا“۔

جیو، شاہ زیب خانزادہ اور گھڑی خریدنے کا دعویٰ کرنے والے پاکستانی نژاد اماراتی بزنس مین عمر فاروق کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دینےوالے عمران خان نے کہا کہ انہوں نے اس حوالے سے اپنے وکلاء سے بات کرلی ہے۔

عمران خان کے مطابق وہ نہ صرف پاکستان بلکہ برطانیہ اورمتحدہ عرب امارات میں بھی مقدمہ چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

عمران کے بیان پر شاہزیب کا ردعمل

عمران خان کی جانب سے دئے گئے بیان پر شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ وہ جس عدالت میں جانا چاہیں جائیں ہم سامنا کریں گے۔

شاہزیب خانزادہ نے کہا ہم یہ اسٹوری پوری تحقیق اور محنت کے بعد سامنے لائے ہیں اور ہم اپنے مؤقف پر قائم ہیں، دعویٰ دائر کرنا عمران خان کا حق ہے، عمران خان جہاں چاہیں ہمیں بلائیں ہم ان کا سامنا کریں گے لیکن ہم یہ ضرور چاہیں گے کہ عمران خان پر جو الزامات لگ رہے ہیں وہ ان کا جواب ضرور دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک الزام عمران خان پر نہیں فرح گوگی اور شہزاد اکبر پر لگا تھا، عمران خان یقینی بناتے ہیں کہ جب بھی الزام فرح گوگی پر لگے تو وہ خود ان کا دفاع کرنے آجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اس کا نام بتانے سے کترا رہے ہیں جسے گھڑی بیچی، قوم کو اس کا نام بتا دیں، خان صاحب نے روایت بنالی ہے کہ آپ مجھ سے سوال کیوں پوچھتے ہیں، سوال پوچھنا ہماراحق ہے، جس صحافی نے یہ اسکینڈل کور کیا اس کے ساتھ کیا کیا ہوا وہ اپنی کہانی بار بار بتا رہا ہے۔

imran khan

tosha khana case