Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

آئیڈیاز 2022: کراچی میں سجا جدید ہتھیاروں کا میلہ

11ویں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 میں پاکستان کی اہم دفاعی مصنوعات کو مارکیٹ کیا جارہا ہے
شائع 15 نومبر 2022 02:31pm
تصویر: ٹوئٹر/انٹرنیشل ڈیفنس اینالیسس
تصویر: ٹوئٹر/انٹرنیشل ڈیفنس اینالیسس

دفاعی مصنوعات تیار کرنے والے ادارے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز نے ملکی دفاعی صنعت میں جدید سب سونک کروز میزائل کو بین الاقوامی مارکیٹ میں متعارف کرادیا۔

11ویں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 میں پاکستان کی اہم دفاعی مصنوعات کو مارکیٹ کیا جارہا ہے، ان مصنوعات میں سب سونک کروز میزائل ”حربہ“ اور جدید جنگی ڈرون ”شاہپر ٹو“ پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہیں۔

اس نمائش میں متعارف کرائے جانے والے پاکستان کے تیار کردہ سب سونک کروز میزائل حربہ کی رینج 280 کلومیٹر ہے، یہ لانگ رینج اینٹی شپ کروز میزائل سمندر سے انتہائی کم اونچائی پر سفر کرنے کی خصوصیت کی وجہ سے دشمن کے رڈار سسٹم سے اوجھل رہتا ہے۔

 تصویر: ٹوئٹر/انٹرنیشل ڈیفنس اینالیسس
تصویر: ٹوئٹر/انٹرنیشل ڈیفنس اینالیسس

یہ میزائل کسی بھی موسم میں فعال ہے اور بحری جہاز اور کوسٹ پر موجود عمارتوں کو کامیابی سے نشانہ بناسکتا ہے، جب کہ اس میں مینوورنگ صلاحیت کے باعث صرف ہدف کو تباہ کرنے کی خصوصیت موجود ہے۔

نمائش میں اہم خصوصیت کے حامل جنگی ڈرون ”شاہپر ٹو“ کو بھی عالمی مارکیٹ میں متعارف کرایا گیا ہے۔

 تصویر: ٹوئٹر/انٹرنیشل ڈیفنس اینالیسس
تصویر: ٹوئٹر/انٹرنیشل ڈیفنس اینالیسس

اہم خصوصیات کا حامل یہ تباہ کن ڈرون فضا سے زمین پر مار کرنے والے دو لیزر گائیڈڈ برق رفتار میزائلوں سے لیس ہے۔

اسمارٹ ٹیکنالوجی سے تیار کردہ تباہ کن ڈرون دن رات آپریٹ کرکے دشمن کے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔

شاہپر ٹو کی اڑان کا دورانیہ 7 گھنٹے، رفتار 120 ناٹ ہے اور یہ 18 ہزار فٹ بلندی پر پرواز کرسکتا ہے۔

اسمارٹ ڈرون ڈیفنس ٹیکنالوجی آذربائیجان اور آرمینیا کے ساتھ روس اور یوکرین جنگ میں اپنے کامیاب آپریشن ثابت کرچکی ہے۔

اس کے علاوہ آئیڈیاز 2022 نمائش میں 32 ممالک کی جانب سے 300 اسٹالز لگائے گئے ہیں، جن میں جدید ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اسلحہ جات کی وسیع رینج بھی نمائش کیلئے پیش کی گئی ہے۔

پاکستان آرڈیننس فیکٹریز واہ کینٹ کے تیار کردہ ”ابابیل“ سیریز کے یہ ڈرونز خاص طور پر مارٹر بم گرانے میں مہارت رکھتے ہیں۔

 تصویر: ٹوئٹر/ انٹرنیشنل ڈیفنس ڈیسک
تصویر: ٹوئٹر/ انٹرنیشنل ڈیفنس ڈیسک

نمائش میں پیش کئے گئے کثیر المقاصد ڈرونز جنگی اور غیر جنگی دونوں حالات میں استعمال کئے جاسکتے ہیں۔

ان ڈرونز کو جنگی حالات کے ساتھ ساتھ غیر جنگی حالات جیسے آگ بجھانے اور آنسو گیس کے شیل وغیرہ پھینکنے کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

پی او ایف میں تیار کردہ 60 اور 81 ملی میٹر کیلیبر کے حامل ائیر ڈراپ بم بھی اس سال نمائش میں متعارف کرائے جارہے ہیں۔

125 ایم ایم اینٹی ٹینک ایمونیشن کی لانچنگ بھی نمائش کا حصہ ہیں۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور ڈی جی رینجرز سندھ میجر اظہر وقاص نے نمائش کا دورہ کیا اور بکتر بند گاڑیوں کا جائزہ لیا، ڈی جی رینجرز نے جدید ڈرونز سمیت گنز چیک کیں، اور اسٹاف سے بریفنگ بھی لی۔

Ideas 2022

Pakistani Drones

Pakistani Missiles

Shahpar

Harbah