Aaj News

بدھ, جنوری 15, 2025  
14 Rajab 1446  

پاکستانی قیادت کی استنبول دھماکے کی شدید مذمت

آصف علی زرداری کا دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ
اپ ڈیٹ 13 نومبر 2022 10:08pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ استقلال اسٹریٹ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں، پاکستان ترکیہ کےعوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، ہر طرح کی دہشت گردی قابل مذمت ہے۔

وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چئیرپرسن بلاول بھٹو نے کہا کہ “آج استنبول کے مشہور تکسیم اسکوائر میں ہونے والے دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرا دکھ ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں ہم اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں اور سوگوار خاندانوں اور ترکیہ کے برادر لوگوں سے دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے شریک چئیرپرسن اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے استنبول بم دھماکے کی مذمت اور حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

آصف زرداری نے دھماکے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور کہا کہ دنیا کو دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ معصوم انسانوں پر حملے کرنے والے ناقابل معافی ہیں۔

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی استنبول میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

ڈاکٹر علوی نے کہا کہ دہشت گردی تمام دُنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے۔

انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی اور زخمی افراد کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ترک عوام کے ساتھ ہیں۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ترک حکومت،عوام اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

Istanbul Blast

Istaqlal Street