Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

بازو پر اُگی ناک چہرے پر لگا دی گئی

پلاسٹک سرجری کے میدان میں ایک نئی چھلانگ
شائع 12 نومبر 2022 04:07pm
تصویر: سی ایچ یو ڈی ٹولوز
تصویر: سی ایچ یو ڈی ٹولوز

ناک کے کینسر کا شکار خاتون نے دوران علاج اپنے چہرے کا ایک بڑا حصہ کھو دیا، جس میں ان کی ناک بھی شامل تھی۔

چہرے کا باقی حصہ تو پلاسٹک سرجری سے تیار کرلیا گیا لیکن ناک کو تیار کرنے کیلئے ایک انوکھا طریقہ اپنایا گیا۔

خاتون کے چہرے پر دوبارہ ناک لگانے کیلئے پہلے اس ناک کو ان کے بازو پر اگایا گیا۔

فرانس کے شہر ٹولوز سے تعلق رکھنے والی مذکورہ خاتون کا 2013 میں ریڈیو اور کیموتھراپی کے ذریعے ناک کے کینسر کا علاج کیا گیا تھا۔   ان کی ناک کو دوبارہ بنانے کی کئی کوششیں ناکام ہوئیں، لیکن اب وہ طبی ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک نئی ناک حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں، جو کہ ان کے بازو پر اگائی گئی۔

طبی ماہرین نے کارٹلیج کو تبدیل کرنے کے لیے تھری ڈی پرنٹ شدہ بائیو میٹریل سے اپنی مرضی کی ناک بنائی اور پھر اسے خاتون کے بازو پر لگا دیا۔

انہوں نے متبادل ناک کو ڈھانپنے کے لیے خاتون کے گال سے جلد لے کر پیوند کاری کی۔

ناک کو دو ماہ تک خاتون کے بازو پر بڑھنے دیا گیا جس کے بعد اسے چہرے پر ٹرانسپلانٹ کیا گیا۔   ستمبر میں، ٹولوز یونیورسٹی اسپتال اور کلاڈیئس ریگاڈ انسٹی ٹیوٹ کے ای این ٹی اور سروائیکوفیشل سرجنز نے خاتون کے بازو میں خون کی نالیوں کو ان کے چہرے کی نالیوں سے جوڑنے کے لیے مائیکرو سرجری کا استعمال کیا اور کامیابی کے ساتھ نئی ناک کی پیوند کاری کی۔

ڈاکٹروں نے بتایا کہ، ”اسپتال میں داخل ہونے کے 10 دن اور اینٹی بائیوٹکس کے تین ہفتوں کے بعد، مریضہ اب بہت بہتر ہیں۔“

Plastic Surgery

Nose grown on arm