Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان نے کارکنوں کو سڑکیں کھولنے کی ہدایت کردی، راولپنڈی میں ٹریفک بحال

تمام رکاوٹیں ہٹا دی گئیں، موٹروے پر بھی ٹریفک رواں دواں
اپ ڈیٹ 11 نومبر 2022 10:43am
فوٹو(فائل)
فوٹو(فائل)

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جمعرات کی شام ایم ون اور ایم ٹو موٹروے اسلام آباد کے قریب بند کی جب کہ مندرہ میں جی ٹی روڈ پر بھی احتجاج کیا گیا تاہم اسکے چند گھنٹے بعد نصف شب کو عمران خان نے کارکنوں کو سڑکیں کھولنے کی ہدایت کردی۔

عمران خان کی نئی ہدایات کے بعد راولپنڈی میں تمام سڑکیں کھل گئی ہیں اور ٹریفک کی روانی بحال ہوگئی ہے۔

آج نیوز نے جمعہ کی صبح بتایا کہ مری روڈ،ائیرپورٹ روڈ اورپیرودہائی موڑپرٹریفک رواں دواں ہے جب کہ آئی جے پی روڈ، سواں کیمپ پربھی ٹریفک بحال ہوگئی ہے۔

جی ٹی روڈ ٹیکسلا اورگوجرخان سے بھی رکاوٹیں ہٹائی جا چکی ہیں۔ پولیس کے مطابق راولپنڈی موٹروے ایم 1اورایم 2 پرٹریفک معمول کے مطابق چل رہی ہے۔

سڑکیں کھولنے کے لیے عمران خان نے ہدایت نصف شب کو جاری کیں۔ رات 12 بجے ایک ٹوئیٹ میں عمران خان نے کہا ‏چونکہ حقیقی آزادی کیلئے ہمارا لانگ مارچ پھر سے شروع ہوچکا ہے چنانچہ میری اپنے تمام کارکنان کو ہدایت ہے کہ رستوں کی بندش کا سلسلہ فوری طور پر ختم کردیں۔

قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان کا حکم ملنے تک موٹروے انٹرچینج بند رہے گی، موٹر وے کے ذریعے گاڑیاں اسلام آباد میں داخل نہیں ہونگی۔

زلفی بخاری نے کہا کہ فتح جنگ روڈ اور انٹرچینج پر بیک وقت دھرنا جاری رہے گا۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے بھی موٹر وے بندش کی تصدیق کرتے ہوئے جاری بیان میں کہا کہ ”مظاہرین نے لاہور اور پشاور موٹروے بند کررکھی ہے۔“

اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ موٹروے کی طرف سفر کرنے سے گریز کریں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے کی ملحقہ سڑکوں پر رش بنا ہوا ہے۔ شہری سفر کرنے سے پہلے موٹروے اور سڑکوں کی صورتحال کے بارے معلومات لے لیں۔

ساتھ ہی شہریوں سے یہ بھی اپیل کی گئی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کے متعلق فوری اطلاع پکار 15 پر دی جائے۔

مظاہرین نے موٹروے پر اسلام آباد آنے اور جانے والے راستے بھی بند کردیے۔

اسلام آباد

Zulfi Bukhari

PTI protest

Azadi March Nov 11 2022