ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کو شکست، انگلینڈ فائنل میں
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے بھارت کو 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست کرکے میگا ایونٹ کے فائنل میں کوالیفائی کرلیا، 13 نومبر کو میلبرن میں انگلش ٹیم کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔
بھارت کی جانب سے دیا گیا 169 رنز کا ہدف انگلش ٹیم نے 16 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔
انگلش ٹیم کی جانب سے کپتان جوز بٹلر اور ایلکس ہیلز نے شاندار آغاز فراہم کیا، بٹلر اور ہیلز نے پاور پلے میں دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے بھارتی بولرز کو بے بس کردیا اور 6 اوورز میں 63 رنز بناڈالے۔
ایلکس ہیلز نے بھارتی بولرز پر خوب لاٹھی چارج کیا اور 7 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری اسکور کی۔
انگلش ٹیم نے 10 اوورز میں بغیر وکٹ گنوائے 98 رنز بنالئے۔
الیکس ہیلز کے بعد جوز بٹلر نے بھی دھواں داھار بلے بازی کرتے ہوئے نصف سنچری داغ دی، انہوں نے اننگز میں 3 چھکے اور 9 چوکے بھی لگائے۔
کپتان جوز بٹلر 49 گیندوں پر 80 اور الیکس ہیلز نے 47 گیندوں پر 86 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلش ٹیم کے سامنے بھارتی بولرز بے بس دکھائی دیے اور کوئی بھی بولرز وکٹ لینے میں ناکام رہا۔
انگلینڈ کی جانب سے پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔
بھارتی ٹیم کی جانب سے کے ایل راہول اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا، جو اچھا نہ رہا، 9 رنز پر بھارت کی پہلی وکٹ گر گئی، کے ایل راہول 5 رنز بناکر کرس ووکس کی گیند پر جوز بٹلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
9 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد روہت شرما اور ویرات کوہلی نے ٹیم کا اسکور 56 رنز تک پہنچایا تو بھارت کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، کپتان روہت شرما 27 رنز بناکر کرس جورڈن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بھارت نے پہلے 10 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 62 رنز اسکور کیے۔
بھارت کی 75 رنز پر تیسری وکٹ بھی گرگئی، بڑے میچ میں سوریا کمار یادو بھی کچھ خاص نہ کرسکے اور وہ صرف 14 رنز بناکر عادل راشد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ایک طرف سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تو دوسری طرف ویرات کوہلی کریز پر ڈٹے رہے، انہوں نے ٹی 20 کیریئر میں اپنے 4000 رنز بھی مکمل کیے۔
چوتھی وکٹ کے لئے ویرات کوہلی نے ہارڈک پانڈیا کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اسکور 136 تک پہنچا تو بھارت کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا۔
ویرات کوہلی اور پانڈیا کے درمیان 61 رنز کی شراکت قائم ہوئی، کوہلی نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
158 کے اسکور پر بھارت کی پانچویں وکٹ گری، ریشب پنٹ 6 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔
ہارڈک پانڈیا آخری اوورز تک کریز پر ڈٹے رہے اور انہوں نے 33 گیندوں پر 63 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے کرس جورڈن سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس کے علاوہ عادل راشد اور کرس ووکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل آئی سی سی ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں کھیلا جارہا ہے، میچ کا ٹاس انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے جیت کر پہلے بھارت کو بلے بازی کی دعوت دی۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انگلش کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ کوشش ہوگی بھارت کو 150 رنز تک محدود رکھ کر میچ جیتنے کی کوشش کریں۔
بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔
آج کے میچ کی فاتح ٹیم 13 نومبر کو میلبرن میں ہونے والے فائنل میں پاکستان سے مقابلہ کرے گی۔
میچ کے لئے انگلش ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، آج انگلینڈ کی طرف سے مارک ووڈ اور ڈیوڈ ملان انجری کے سبب نہیں کھیل رہے جبکہ ان کی جگہ فل سالٹ اور کرس جورڈن کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
انگلینڈ کا اسکواڈ
انگلش ٹیم میں کپتان جوز بٹلر کے علاوہ ایلکس ہیلز، فل سالٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس ، معین علی، لیام لیونگسٹن، سیم کرن، کرس ووکس، کرس جورڈن اور عادل رشید شامل ہیں۔
ادھر سیمی فائنل کے لئے بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
بھارت کا اسکواڈ
بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما کے علاوہ کے ایل راہول، ویرات کوہلی، سوریا کمار یادیو، ریشب پنٹ، ہارڈک پانڈیا، اکشر پٹیل، روی چندرن ایشون، بھونیشور کمار، ارشدیب سنگھ اور محمد شامی شامل ہیں۔
گزشتہ روز پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
ورلڈ کپ کا فائنل اتوار 13 نومبر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
Comments are closed on this story.