Aaj News

منگل, جنوری 14, 2025  
13 Rajab 1446  
Live
T20 semi Finals

ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کو شکست، انگلینڈ فائنل میں

فائنل میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں 13 نومبر کو مدمقابل ہوں گی
اپ ڈیٹ 10 نومبر 2022 04:13pm
جوز بٹلر اور الیکس ہیلز فتح کے بعد ملتے ہوئے
جوز بٹلر اور الیکس ہیلز فتح کے بعد ملتے ہوئے

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے بھارت کو 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست کرکے میگا ایونٹ کے فائنل میں کوالیفائی کرلیا، 13 نومبر کو میلبرن میں انگلش ٹیم کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔

بھارت کی جانب سے دیا گیا 169 رنز کا ہدف انگلش ٹیم نے 16 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔

انگلش ٹیم کی جانب سے کپتان جوز بٹلر اور ایلکس ہیلز نے شاندار آغاز فراہم کیا، بٹلر اور ہیلز نے پاور پلے میں دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے بھارتی بولرز کو بے بس کردیا اور 6 اوورز میں 63 رنز بناڈالے۔

ایلکس ہیلز نے بھارتی بولرز پر خوب لاٹھی چارج کیا اور 7 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری اسکور کی۔

انگلش ٹیم نے 10 اوورز میں بغیر وکٹ گنوائے 98 رنز بنالئے۔

الیکس ہیلز کے بعد جوز بٹلر نے بھی دھواں داھار بلے بازی کرتے ہوئے نصف سنچری داغ دی، انہوں نے اننگز میں 3 چھکے اور 9 چوکے بھی لگائے۔

کپتان جوز بٹلر 49 گیندوں پر 80 اور الیکس ہیلز نے 47 گیندوں پر 86 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلش ٹیم کے سامنے بھارتی بولرز بے بس دکھائی دیے اور کوئی بھی بولرز وکٹ لینے میں ناکام رہا۔

انگلینڈ کی جانب سے پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر بھارتی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔

بھارتی ٹیم کی جانب سے کے ایل راہول اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا، جو اچھا نہ رہا، 9 رنز پر بھارت کی پہلی وکٹ گر گئی، کے ایل راہول 5 رنز بناکر کرس ووکس کی گیند پر جوز بٹلر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

9 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد روہت شرما اور ویرات کوہلی نے ٹیم کا اسکور 56 رنز تک پہنچایا تو بھارت کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، کپتان روہت شرما 27 رنز بناکر کرس جورڈن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بھارت نے پہلے 10 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 62 رنز اسکور کیے۔

بھارت کی 75 رنز پر تیسری وکٹ بھی گرگئی، بڑے میچ میں سوریا کمار یادو بھی کچھ خاص نہ کرسکے اور وہ صرف 14 رنز بناکر عادل راشد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

ایک طرف سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تو دوسری طرف ویرات کوہلی کریز پر ڈٹے رہے، انہوں نے ٹی 20 کیریئر میں اپنے 4000 رنز بھی مکمل کیے۔

چوتھی وکٹ کے لئے ویرات کوہلی نے ہارڈک پانڈیا کے ساتھ مل کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اسکور 136 تک پہنچا تو بھارت کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا۔

ویرات کوہلی اور پانڈیا کے درمیان 61 رنز کی شراکت قائم ہوئی، کوہلی نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

158 کے اسکور پر بھارت کی پانچویں وکٹ گری، ریشب پنٹ 6 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

ہارڈک پانڈیا آخری اوورز تک کریز پر ڈٹے رہے اور انہوں نے 33 گیندوں پر 63 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل ہیں۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس جورڈن سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس کے علاوہ عادل راشد اور کرس ووکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آئی سی سی ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں کھیلا جارہا ہے، میچ کا ٹاس انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے جیت کر پہلے بھارت کو بلے بازی کی دعوت دی۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انگلش کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ کوشش ہوگی بھارت کو 150 رنز تک محدود رکھ کر میچ جیتنے کی کوشش کریں۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔

آج کے میچ کی فاتح ٹیم 13 نومبر کو میلبرن میں ہونے والے فائنل میں پاکستان سے مقابلہ کرے گی۔

میچ کے لئے انگلش ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، آج انگلینڈ کی طرف سے مارک ووڈ اور ڈیوڈ ملان انجری کے سبب نہیں کھیل رہے جبکہ ان کی جگہ فل سالٹ اور کرس جورڈن کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

انگلینڈ کا اسکواڈ

انگلش ٹیم میں کپتان جوز بٹلر کے علاوہ ایلکس ہیلز، فل سالٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس ، معین علی، لیام لیونگسٹن، سیم کرن، کرس ووکس، کرس جورڈن اور عادل رشید شامل ہیں۔

ادھر سیمی فائنل کے لئے بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

بھارت کا اسکواڈ

بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما کے علاوہ کے ایل راہول، ویرات کوہلی، سوریا کمار یادیو، ریشب پنٹ، ہارڈک پانڈیا، اکشر پٹیل، روی چندرن ایشون، بھونیشور کمار، ارشدیب سنگھ اور محمد شامی شامل ہیں۔

گزشتہ روز پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

ورلڈ کپ کا فائنل اتوار 13 نومبر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ : بارش کی صورت میں میچ کا شیڈول جاری

اتوار کو کھیل نہ ہونے پر پیر کو میچ وقت سے پہلے شروع ہوگا
اپ ڈیٹ 13 نومبر 2022 11:02am
پاکستانی ٹیم جمعہ کو میلبورن میں پریکٹس سیشن کے دوران۔ تصویر اے ایف پی
پاکستانی ٹیم جمعہ کو میلبورن میں پریکٹس سیشن کے دوران۔ تصویر اے ایف پی

ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں گرین شرٹس کی کامیابی کے بعد شائقین دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کی جیت کے خواہشمند ہیں تاکہ فائنل ٹاکرے میں روایتی حریف ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں ، اگرایسا ہوا تو کیا ہی کہنے لیکن پہلے جان لیجئے کہ بارش آپ کی خواہش پرپانی پھیرنے کو تیار ہے۔

نیوزی لینڈ کیخلاف کامیابی کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے جبکہ دوسری ٹیم کا فیصلہ بھارت اور انگلینڈ کے میچ سے ہو گیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ میلبورن کے میدان میں ورلڈ کپ کے لیے آمنے سامنے آ رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: امیدیں پوری: پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا اتوار13 نومبرکو میلبورن میں کھیلا جانے والا فائنل بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ اس روز 95 فیصد بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، آسٹریلوی محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو بھی بارش کا امکان ہے۔

بارش کی صورت میں ٹورنامنٹ قوانین کے مطابق میچ مکمل کرنے کے لیے دونوں ٹیموں کو 20 میں سے کم از کم ، 10، 10 اوورز کا کھیل کھیلنا لازمی ہے۔

مزید پڑھیں: کوہلی ، آپ جمعرات کو ’چِل‘ کریں

پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق اگرٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل اتوارکو مکمل نہ ہوسکا تو اس صورت میں اگلے روز پیرکو ریزرو ڈے ہوگا اور دونوں ٹیمیں پھرسے میدان میں اتریں گی۔

لیکن کی جانے والی پیشگوئی کے مطابق اگر پیر کو بھی بارش کے باعث میچ مکمل نہ ہوسکا تو دونوں ٹیموں کو مشترکہ طور پر فاتح قراردیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ سیمی فائنل: سڈنی اسٹیڈیم کے باہر پاکستان زندہ باد کے نعرے

اس حوالے سے جو تفصیلی شیڈول جمعہ کو سامنے آیا ہے اس کے مطابق دونوں ٹیمیں اتوار کو مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے (پاکستان میں دوپہر ایک بجے) کھیل شروع کریں گی اور کوشش کی جائے گی کہ دونوں طرف سے دس دس اوور ہو جائیں۔

اگر اتوار کو شروع ہونے والا میچ اسی دن مکمل نہ ہوسکا تو پھر پیر کو مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجے) باقی کا کھیل دوبارہ شروع ہوگا۔ اس صورت میں کھلاڑیوں پر یہ درمیانی رات کافی بھاری گزرے گی۔

اگر اتوار کو بارش کی وجہ سے بالکل کھیل نہیں ہوسکا تو میچ پیر کو مقامی وقت کے مطابق سہہ پہر تین بجے (پاکستان میں صبح 9 بجے) شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کو میچ بار بار رکنے کے لیے تیار رہنا پڑے گا۔

اگر اس کے باوجود بھی کم ازکم دس دس اوور کا کھیل نہ ہوسکا تو پھر دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دے دیا جائے گا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کے مطابق ان کی پہلی ترجیح میچ کو شیڈول ڈے پرہی مکمل کرنا ہے بصورت دیگرریزرو ڈے میں کھیلا جائے گا۔

اچھی بات یہ ہے کہ آسڑیلیا کا موسم آخری لمحات میں تبدل ہوجانے کی وجہ سے بھی مشہورہے، اس لیےعین ممکن ہے کہ بارش نہ ہو یا اتنی کم ہو کہ کھیل کا دوبارہ آغازکیا جاسکے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں بارچ کے باعث میلبورن مین اب تک 3 میچ منسوخ کیے جاچکے ہیں جبکہ ایک کا نتیجہ ڈک ورتھ میتھڈ سے نکالاگیا۔

پاکستان ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کیلئے سڈنی سے میلبرن روانہ

قومی ٹیم آج میلبرن میں آرام کرے گی
شائع 10 نومبر 2022 09:19am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ پی سی بی ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔۔۔۔ پی سی بی ٹوئٹر

پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل کھیلنے کے لئے سڈنی سے میلبرن روانہ ہوگئی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم سڈنی سے میلبرن کے لئے روانہ ہوئی تو کھلاڑیوں کے چہروں پر مسکراہٹ اور مورال کافی بلند دکھائی دے رہا تھا۔

روانگی سے قبل سڈنی ہوٹلز میں پاکستانی فینز کھلاڑیوں کے لئے پھول اور کیک لے کر آئے، بس کی جانب جاتے ہوئے ہر کھلاڑی کے ہاتھ میں پھول تھا۔

کپتان بابر اعظم کافی پیتے ہوئے ٹیم بس کی جانب روانہ ہوئے جبکہ محمد رضوان ٹیم بس میں داخل ہوئے تو ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ گئے اور مسکراتے رہے، وہ کچھ دیر ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے پھر اپنی سیٹ پر چلے گئے۔

نسیم شاہ اور محمد وسیم جونیئر کے بیگ اوور ویٹ تھے، آسٹریلیا میں ڈومیسٹک فلائٹ میں بیگ کا وزن 23 کے جی سے زیادہ نہیں ہونا چاہیئے لیکن ان کے بیگ کا وزن 40 کے جی تھا۔

دونوں کو ویٹ دوسرے بیگ میں تقسیم کرنے کا کہا گیا، روانگی کے وقت اوور ویٹ پر دونوں کھلاڑی پریشان ہوگئے، دونوں ہوٹل میں جاکر تھیلا نما بیگ لےکر آئے جس میں اپنے وزن کو تقسیم کیا۔

فائنل میں پاکستان کا بھارت یا انگلینڈ میں سے کس سے مقابلہ ہوگا ،اس کا فیصلہ آج ہونے والے دوسرے سیمی فائنل سے ہوگا۔

قومی ٹیم آج میلبرن میں آرام کرے گی جبکہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل 13نومبر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائےگا۔

پاک فوج اور وزیراعظم کی ”اعظم“، عمران خان کی ”اعوان“ کو مبارکباد

پاکستان کرکٹ ٹیم کی جیت پر عمران خان کی اپنے قانونی مشیر کو مبارکباد
اپ ڈیٹ 09 نومبر 2022 06:52pm
تصویر: ٹوئٹر/ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ
تصویر: ٹوئٹر/ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل بابر افتخار، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی آواز عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ سے جیتنے کے بعد سیمی فائنل میں پہنچنے پر مبارکباد دی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نے بہترین کارکردگی کامظاہرہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: امیدیں پوری: پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں

پاک فوج کی جانب سے قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو جیت پرمبارکباد دیتے ہوئے ٹویٹ میں لکھا کہ جذبہ، کمٹمنٹ اور نظم و ضبط۔، شاباش پاکستان ٹیم۔“

لیکن عمران خان نے قومی ٹیم کی فتح کا سہرا پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور اپنے قانونی مشیر ”بابر اعوان“ کے سر سجا دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں کیسے پہنچی؟

بظاہر یہ غلطی سے ہی ہوا جسے بعد میں انہوں نے سدھارتے ہوئے بابر اعظم کو مبارک باد دی۔

عمران خان نے لکھا ”ایک شاندار جیت سمیٹنے پر بابر اعظم اور ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔“

کوہلی ، آپ جمعرات کو ’چِل‘ کریں

انگلینڈ اور بھارت ٹی 20 ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو کھیلیں گے
شائع 09 نومبر 2022 01:06pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل اب صرف 2 مقابلوں کی دوری پرہے اورچاروں سیمی فائنلسٹس کی خواہش ہے کہ ٹرافی وہی گھرلے کرجائیں ، ایسے میں سابق انگلش کرکٹر نے بھارت کے اسٹار بیٹسمین کوہلی سے ایک پیار بھری درخواست کی ہے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں ناقابل یقین پاکستانی کرکٹ ٹیم پہلا سیمی فائنل آج نیوزی لینڈ سے کھیل رہی ہے جبکہ ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل بھارت اورانگلینڈ کی ٹیموں کے مابین جمعرات کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔

بڑے مقابلے سے قبل سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے پریکٹس کے دوران اپنی ویڈیو سوشل میڈیا پرشیئرکرتے ہوئے لکھا کہ وہ اس تمام عمل سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

ویڈیو دیکھنے والے سابق انگلش کرکٹرکیون پیٹرسن نے کوہلی سے دلچسپ درخواست کردی۔

کیون پیٹرسن نے تبصرے میں کوہلی کو جمعرات والے دن چھٹی پرجانے کا مشورہ دیتے ہوئے لکھا، “ آپ جانتے ہیں مجھے آپ سے بہت پیارہے لیکن آپ جمعرات کو’چِل’ کریں۔

انگریزی زبان کا یہ لفظ استعمال کرنے والے کیون پیٹرسن کی خواہش ہے کہ کوہلی سیمی فائنل والے دن ذرا ’ٹھنڈے“ رہیں تا کہ انگلینڈ کو فائنل تک رسائی میں زیادہ مشکل نہ ہو۔

انسٹاگرام اور ٹوئٹرپرصارفین نے کیون کی حس مزاح کو سراہتے ہوئے دلچسپ تبصرے کیے۔

امیدیں پوری: پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں

پاکستان نے 19 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان کے 151 رنز بنالیے
اپ ڈیٹ 09 نومبر 2022 04:31pm
رضوان اور حارث ایک دوسرے سے ملتے ہوئے
رضوان اور حارث ایک دوسرے سے ملتے ہوئے

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا 153 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے آخری اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان نے شاندار آغاز فراہم کیا، 105 رنز پر قومی ٹیم کی پہلی وکٹ گرگئی، دونوں بلے بازوں کے درمیان 105 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

پاکستان نے پہلے 10 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 87 رنز بنائے۔

کپتان بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور 53 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

رضوان اور حارث نے ٹیم کا اسکور 132 رنز تک پہنچایا تو پاکستان کو دوسرا نقصان اٹھانا پرا۔

محمد رضوان نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے نصف اسکور کی اور وہ 57 رنز کر ٹرینٹ بولٹ کا شکار بن گئے۔

جارحانہ بلے باز محمد حارث بھی میچ ختم نہ کرسکے اور 151 کے اسکور پر 30 رنز بناکر چلتے بنے، ان کی وکٹ مچل سینٹنر نے لی۔

شان مسعود 3 اور افتخار احمد صفر رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 2 اور مچل سینٹنر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔

کیویز کی جانب سے فن ایلن اور ڈیون کونوے نے اننگز کا آغاز کیا، پہلے ہی اوور میں 4 رنز پر نیوزی لینڈ کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب فن ایلن 4 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد کیوی کپتان اور ڈیون کونوے نے ٹیم کو سنبھالا اور ٹیم کا اسکور 38 رنز تک پہنچایا تو کیویز کی دوسری وکٹ گرگئی۔

 ڈیون کونوے رن آؤٹ ہوتے ہوئے
ڈیون کونوے رن آؤٹ ہوتے ہوئے

ڈیون کونوے 20 رنز بناکر شاداب خان کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے، کین ولیمسن اور کونوے کے درمیان 34 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

نیوزی لینڈ نے پاور پلے کے 6 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 38 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 49 رنز پر گری، گلین فلپس بھی کچھ دیر کے مہمان ثابت ہوئے اور صرف 6 رنز کے انفرادی اسکور پر اپنی وکٹ محمد کو دے بیٹھے۔

59 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان کین ولیمسن اور ڈیرل مچل نے ٹیم کی کمان سنبھالی اور اسکور 117 رنز تک پہنچایا۔

دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کے لئے 68 رنز کی شراکت قائم ہوئی، جس کے بعد نیوزی لینڈ کو چوتھا نقصان 117 رنز پر اٹھانا، کین ولیمسن 46 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

اس کے بعد ڈیرل مچل نے جیمز نیشم کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کے لئے 35 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 152 رنز تک پہنچایا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل نے نصف سنچری اسکور کی، ڈیرل مچل 53 اور جیمز نیشم 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 2 کیوی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس کے علاوہ محمد کے حصے میں ایک وکٹ آئی جبکہ دیگر کوئی بولر وکٹ نہ لے سکا۔

اس سے قبل آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے بعد کیوی ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ کوشش ہوگی بڑا ہدف دے کر پاکستان کو پریشر میں لے کر آئیں۔

پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرتے، قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، ابتدا میں نیوزی لینڈ کی جلد وکٹیں گرا کر دباؤ بڑھانے کی کوشش کریں گے تاکہ میچ جیت کر ایونٹ کے فائنل میں رسائی کو ممکن بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اچھے کھلاڑی ہیں، ہمارا اس میچ پر فوکس ہے، آخری 3 میچز اچھے کھیلے، اس مومینٹم کو برقرار رکھیں گے، جیت کی وجہ سے بہت زیادہ پُراعتماد ہیں، نیوزی لینڈ کے پاس کوالٹی بولرز اور بیٹرز ہیں۔

پاکستان کا اسکواڈ

پاکستان ٹیم میں کپتان بابراعظم کے علاوہ نائب کپتان شاداب خان، محمد رضوان، محمد حارث، شان مسود، محمد نواز، افتخاراحمد، وسیم جونئیر، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کا اسکواڈ

نیوزی لینڈ ٹیم میں کپتان کین ولیمسن کے علاوہ فن ایلن، ڈیون کونوے، گلین فلپس، ڈیرل مچل، جیمز نیشم، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی، ایش سودھی، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ شامل ہیں۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 6 مرتبہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئیں، جس میں قومی ٹیم کا پلڑا بھاری رہا۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 4 مرتبہ شکست دی جبکہ 2 بار فتخ کیویز کے نام رہی۔