Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ممنوعہ فنڈنگ کیس: ایف آئی اے طلبی نوٹسز اگلی سماعت تک ملتوی

پی ٹی آئی کتنے بینک اکاونٹس کو قبول نہیں کرتی، عدالت کا استفسار
شائع 08 نومبر 2022 06:15pm

لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے طلبی کے نوٹسز اگلی سماعت تک معطل کر دئیے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت عمران خان کے وکیل نے استدلال کیا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد ایف آئی اے نے انکوائری شروع کی، الیکشن کمیشن میں فنڈز کی تحقیقات 2014 میں شروع کی گئیں جبکہ 2022 میں فیصلہ سنایا گیا، ایف آئی اے اس انکوائری پر کارروائی نہیں کرسکتا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ پی ٹی آئی کتنے بینک اکاونٹس کو قبول نہیں کرتی۔

جس پر وکیل نے جواب دیا کہ پی ٹی آئی کے 8 بنک اکاؤنٹس ہیں جن کی وہ ذمہ داری قبول کرتی ہے جبکہ 13 بنک اکاونٹس کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

عدالت نے عمران خان کی طلبی کے نوٹس معطل کرتے ہوئے وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن اور دیگر سے 7 دسمبر کو جواب طلب کر لیا۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے طلبی کو ہائیکورٹ چیلنج کر رکھا ہے۔

FIA

foreign funding case

Lahore High Court