سپریم کورٹ میں دوران سماعت ورلڈ کپ سیمی فائنل کے چرچے
سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیخلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کے دوران ججز اور وکلا کے درمیان دلچسپ گفتگو ہوئی، چیف جسٹس کی عدالت میں کرکٹ ورلڈ کپ سیمی فائنل کا چرچا رہا۔
سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بنچ نے سماعت کی، جس میں عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دئیے۔
کیس کل تک ملتوی کرنے پر وکلاء نے اعتراض کیا کہ کل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سیمی فائنل ہے۔
وکیل مخدوم علی خان نے دورانِ سماعت کہا کہ کل ایک بجے پاکستان کا سیمی فائنل ہے، سیمی فائنل کے وقت کیس کی سماعت نہ رکھیں۔
جس پر چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ مجھے تو اس بارے میں معلوم ہی نہیں تھا، کیوں نہ سیمی فائنل کی وجہ سے کل کیس کی سماعت نہ رکھیں؟
وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ کیس پہلے ہی التوا کا شکار ہے۔
اس بار جسٹس منصور علی شاہ بولے کہ اگر برا نہ منائیں تو ہم میچ دیکھتے رہیں گے اور آپ دلائل دیتے رہنا۔
جسٹس منصور نے خواجہ حارث کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کل کا دن چھوڑدیں آپ بھی کرکٹ کے شیدائی ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کے باہر میچ کیلئے اسکرین لگوا دیتے ہیں، دعا ہے کل سیمی فائنل میں بہتر رزلٹ آئے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ کل کیس جلدی ختم کرلیں گے، تاکہ تب تک میچ اچھے حالات میں چل رہا ہو۔
خیال رہے کہ کل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل کھیلا جائے گا۔
Comments are closed on this story.