Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

گھوٹکی میں ڈاکوؤں کا پولیس پر حملہ، ڈی ایس پی، 2 ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار شہید

ڈاکوؤں نے کیمپ میں موجود 10پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنالیا
اپ ڈیٹ 06 نومبر 2022 05:56pm
فوٹو۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔ اسکرین گریب

گھوٹکی کے کچے علاقے میں ڈاکوؤں نے پولیس پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی اور 2 ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار شہید گئے۔

گھوٹکی کے علاقے رونتی میں 150 سے زائد ڈاکوؤں نے پولیس کیمپ پر جدید اسلحے سے حملہ کردیا ،حملے میں ڈی ایس پی عبدالمالک بھٹو اور 2 ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

ڈاکوؤں نے کیمپ میں موجود 10پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنالیا، 3 بکتر بند سمیت 8 پولیس کی گاڑیوں پر قبضہ بھی کرلیا۔

ایس ایچ او اباڑو کے مطابق 3 افراد کی بازیابی کے لئے پولیس کچے میں آپریشن کررہی تھی۔

حملے کے بعد پولیس اور رینجرز کی مزید نفری طلب کرلی گئی ہے، شہید پولیس اہلکاروں کی لاشیں ڈاکوؤں کے قبضے میں ہیں۔

ایس ایس پی گھوٹکی تنویر تنیو کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلہ جاری ہے، پولیس کی نفری کچے کے علاقے میں موجود ہے، ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

گھوٹکی پولیس مقابلہ، شہید افسران اور اہلکارسپرد خاک

گھوٹکی میں فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ڈی ایس پی عبدالمالک بھٹو کی نماز جنازہ لاڑکانہ میں ادا کردی گئی ہے، پولیس کی جانب سے شہید کو گارڈ آف آنر دیا گیا۔

دوسری جانب گھوٹکی میں پولیس مقابلے کے دوران شہید ہونے والے افسران اور اہلکاروں کو بھی سپردخاک کردیا گیا ہے۔

گزشتہ شب گھوٹکی کے علاقے رونتی کے کچے میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران شہادت پانے والوں کی نماز جنازہ ایس ایس پی آفس میرپورماتھیلو میں ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں پولیس افسران، رینجرز اور سیاسی سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی جبکہ بعد ازاں پولیس کے دستے کی جانب سے شہدا کو سلامی پیش کی گئی۔

شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی اوباڑو عبدالمالک بھٹو، ایس ایچ او میرپور ماتھیلو عبد المالک کمانگر، ایس ایچ او دین محمد لغاری ، اوباڑو تھانہ کے پولیس اہلکار سلیم چاچڑ اور جتوئی پتافی شامل ہیں۔

نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداء کے جسد خاکی آبائی گاؤں روانہ کردیے گئے ہیں۔

robbers

Ghotki

police attack