Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

راولپنڈی اور اسلام آباد کی ’سرحد‘ پر اپنی اپنی حدود میں رہتے ہوئے لڑائی

شیلنگ کے بعد پی ٹی آئی کارکن واپس راولپنڈی کی طرف جاتے دکھائی دیئے
شائع 04 نومبر 2022 05:22pm
اسلام آباد اور راولپنڈی کی ’سرحد‘ فیض آباد پل کے ایک جانب مطاہرین موجود ہیں۔ فوٹو آج نیوز
اسلام آباد اور راولپنڈی کی ’سرحد‘ فیض آباد پل کے ایک جانب مطاہرین موجود ہیں۔ فوٹو آج نیوز

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے سنگم فیض آباد پر جمعہ کی شام پی ٹی آئی کارکنوں اور اسلام آباد کے سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان ایک منفرد قسم کی جھڑپ دیکھنے میں آئی جس میں دونوں فریقین اپنی اپنی حدود میں رہتے ہوئے اس دوسرے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے رہے۔

علاقے سے واقف لوگ جانتے ہیں کہ یہاں فیض آباد کا پل دونوں شہروں کو الگ کرتا ہے۔ جمعہ کی شام پی ٹی آئی کارکن اس پل کے ایک جانب تھے جب کہ اسلام آباد پولیس اور ایف سی کے اہلکار دوسری جانب۔

پی ٹی آئی کے کارکن جمع ہوئے تو پہلے کچھ وقت تک کشیدگی رہی اور دونوں فریق ایک دوسرے کے سامنے کھڑے رہے۔ پل کے اوپر اسلام آباد سے راولپنڈی جانے والی گاڑیوں کی آمدروفت بھی جاری رہی۔

خاموش محاذ آرائی کچھ دیر جاری رہی اور اس کے بعد پتھراؤ سے تصادم شروع ہوگیا۔ پل کے اوپر اور نیچے موجود پی ٹی آئی کارکنوں نے اسلام آباد کی حدود میں موجود سیکورٹی اہلکاروں پر پتھراو برسائے۔

 فضا سے لی گئی تصویرمیں راولپنڈی کی حدود میں آنسو گیس کا دھواں دکھائی دے رہا ہے۔فوٹو آج نیوز
فضا سے لی گئی تصویرمیں راولپنڈی کی حدود میں آنسو گیس کا دھواں دکھائی دے رہا ہے۔فوٹو آج نیوز

اسلام آباد پولیس اور ایف سی آنسو گیس کی گنیں سیدھی کیں اور راولپنڈی کی حدود میں شیل برسا دیئے۔ فیض آباد کے چوک پر سفید دھویں کے بادل چھا گئے۔

پی ٹی آئی کارکن آنسو گیس کے اثرات سے بچنے کے لیے راولپنڈی کی طرف جاتے دکھائی دیئے۔

اسلام آباد میں پولیس اور ایف سی کے اہلکار قیدیوں والی گاڑیاں بھی لے کر آئے تھے۔

پولیس نے ایک بیان میں کہاکہ مظاہرین کے پاس غلیل، ڈنڈے اور پتھر ہیں اور ان کے پاس اسلحہ بھی ہو رہا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ مظاہرین کو غیرقانونی عمل سے روکے۔

pti

PTI protest

Azadi March Nov4 2022