Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملزم کی ویڈیو لیک ہونے پر وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس، تھانے کا عملہ معطل

تھانے کے تمام عملے کے موبائل فون قبضے میں لے لئے گئے.
شائع 03 نومبر 2022 08:13pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیرِ اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہیٰ نے فائرنگ کرنے والے ملزم کا ویڈیو بیان لیک کرنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سمیت تمام عملے کو معطل کر دیا۔

چودھری پرویزالہٰی کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا، اجلاس میں فائرنگ کے واقعہ کا جائزہ لیا گیا۔

آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے وزیراعلیٰ کو عمران خان پر حملے کے حوالے سے بریفنگ دی۔

وزیر اعلی چودھری پرویزالہٰی نے انسپکٹر جنرل پولیس کو غیر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

چودھری پرویزالہٰی کا کہنا ہے کہ تھانے کے تمام عملے کے موبائل فون قبضے میں لے لئے گئے ہیں، موبائل فونز کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے بیان لیک ہونے کے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ تحقیقات کرکے محرکات سامنے لائے جائیں۔

اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس، اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، شفقت محمود، ایم پی اے حافظ عمار یاسر، اختر ملک، میاں محمودالرشید، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ محمد خان بھٹی، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

imran khan

PTI long march 2022

Azadi March Nov3 2022

Firing on Container