Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کا سرکاری اعلامیہ جاری

عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا پہلا دورہ چین تھا
شائع 03 نومبر 2022 08:42am
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔ اے ایف پی

وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کا سرکاری اعلامیہ جاری کردیا گیا، وزیر اعظم نے پاک چین اسٹریٹجک تعاون پرمبنی شراکت داری کومزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے یکم سے 2 نومبرتک چین کا سرکاری دورہ کیا،عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہبازشریف کا پہلا دورہ تھا۔

دورے کے دورا‎ن وزیراعظم سے چین کے صدر شی جن پنگ نے ملاقات کی جبکہ شہباز شریف نے چینی وزیراعظم اور نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین سے بھی ملاقات کی۔

شہباز شریف نے چینی کمیونسٹ پارٹی‎ ‎کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری کے طور پر دوبارہ منتخب ہونے پر صدر شی جن ‏پنگ کو مبارکباد پیش کی اور چینی صدر کی قیادت، دانشمندی، وژن اور عوام کی خوشحالی پرمبنی ترقی کے فلسفے کی تعریف کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاک چین تعلقات کی مسلسل ترقی میں چینی صدر کے تعاون کو سراہا۔

وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کا دورہ پاکستان کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کرلی، صدر شی جن پنگ نے کہا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لئے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے 20ویں سی پی سی نیشنل کانگریس کے کامیاب اختتام پر چینی صدر کو مبارکباد پیش کی اور چین کی ترقی، خوشحالی اورقومی تجدید کوفروغ دینے میں سی پی سی اوراس کی قیادت کے مرکزی ‏کردارکوسراہا۔

چینی رہنماؤں نے وزیراعظم شہبازشریف کی پاک چین دوستی کے لئے دیرینہ عزم کو سراہا۔

وزیراعظم نے پاک چین اسٹریٹجک تعاون پرمبنی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

فریقین نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور بین الاقوامی سیاسی منظر نامے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جبکہ دونوں فریقوں نے ابھرتے ہوئے عالمی چیلنجوں کے درمیان پاک چین اسٹریٹجک تعاون پرمبنی شراکت داری کی اہمیت پراتفاق ‏کیا اور مختلف معاملات پر ایک دوسرے کے موقف کی تائید کی۔

چینی قیادت نے حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کااظہار کیا اور مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فراخدلانہ امداد پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا جبکہ کراچی سرکلر ریلوے ،ایم ایل ون ، گوادر بندرگاہ ،سی پیک سے جڑے منصوبوں کو مزید تیز کرنے اور نئے اقتصادی ترقی کے لئے نئے منصوبے شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔

چینی قیادت نےاپنے شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے حکومت پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے بتایا کہ چینی شہریوں پرحملوں میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان متعدد شعبوں میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشتوں اور معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔

CPEC

PM Shehbaz Sharif

xi jing ping

China Visit

Pakistan -China

china president