Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نقلی کی اصلی رجنی کانت سے ملنے کی خواہش، ویڈیو وائرل

بھارتی سپر اسٹار رجنی کانت کے پاکستانی ہمشکل کی سوشل میڈیا پر دھوم
شائع 02 نومبر 2022 11:00pm
Photo Credit : Indiaglitz
Photo Credit : Indiaglitz

بھارت کے سپر اسٹار رجنی کانت گزشتہ پانچ دہائیوں سے ہندوستانی سنیما کے سب سے بڑے آئیکون کے طور پر راج کر رہے ہیں، انہیں تامل سنیما کے ’گاڈ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

رجنی کانت 71 سال کی عمر میں بھی انتھک محنت کرتے ہوئے، بلاشبہ ایک حقیقی اداکار ہیں تاہم اب پاکستان میں ایک ریٹائرڈ سرکاری ملازم رحمت گشکوری کی بھارتی اسٹار سے مشابہت رکھنے کے باعث سوشل میڈیا پر دھوم مچی ہوئی ہے۔

رحمت گشکوری کو یہ احساس اس وقت ہوا جب ان کے ساتھیوں نے یہ کہنا شروع کیا کہ وہ رجنی کانت جیسے لگتے ہیں ۔

گشکوری کو یہ جان کر خوشی ہوئی کہ وہ سپر اسٹار سے مشابہت رکھتے ہیں لیکن سرکاری ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد جب انہوں نے شکار کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا شروع کیں تو وہ وائرل ہوگئے۔

عرب نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سبی کے ڈپٹی کمشنر آفس میں اپنی سروس کے دوران بہت لوگ تبصرہ کرتے تھے لیکن میں نے ان پر دیہان نہیں دیا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان، ہندوستان، بنگلہ دیش، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور نیپال کے لوگ میری تصویروں پر تبصرہ کرتے ہیں اور مجھے رجنی کانت کہتے ہیں۔

انہوں نے ہنستے ہوئے بتایا کہ مجھے یاد ہے کہ میں ایک بار میڈیکل چیک اپ کے لیے کراچی گیا تھا تو جب میں ایک شاپنگ مال میں جا رہا تھا تو لوگوں کی بڑی تعداد میرے ارد گرد جمع ہو گئی اور سیلفیاں لینا شروع کردیں۔ ان میں سے کچھ نے پوچھا: ’کیا آپ رجنی کانت ہیں؟‘ میں نے جواب دیا: ’ہاں، لیکن میں پاکستان سے ہوں۔

انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب میں رجنی کانت سے ملنا چاہتا ہوں اور ان کے ساتھ ایک تصویر لینا چاہتا ہوں تاکہ لوگوں کو یہ دکھایا جا سکے کہ ایک ہندوستانی رجنی کانت ہے اور ایک پاکستانی رجنی کانت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں کہہ سکتا ہوں کہ خدا نے معجزانہ طور پر مجھے وہی شخصیت اور عادات عطا کی ہیں ۔

Rajinikanth