Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان اہم تعیناتی میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں، مریم نواز

عمران کے جھوٹ بے نقاب کرنے کے لئے ڈی جی آئی ایس آئی کو سامنے آنا پڑا
اپ ڈیٹ 02 نومبر 2022 08:24am
Maryam Nawaz press conference in London - Imran Khan Vs Establishment | Long March 2022 | Aaj News

نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اہم تعیناتی میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں۔

لندن میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مریم نوز نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی قانون کے مطابق وقت پر ہوگی، یہ اس میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں، آرمی چیف کی تقرری سے عمران خان کا کوئی لینا دینا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتنے لوگ جلوس میں نہیں جتنے اہلکار سیکیورٹی پر ہیں، سیکیورٹی پر اتنا پیسا کیوں برباد کیا جا رہا ہے، اب ایک کے بعد عمران خان کی سازش بے نقاب ہو رہی ہے۔

لیگی رہنما کا پی ٹی آئی لانگ مارچ پر کہنا تھا کہ اس قسم کے جتھوں کو روکنا پولیس سمیت پوری قوم کا فرض ہے، وزیر داخلہ نے اس کا پورا بندوبست کیا ہوا ہے لیکن اسلام آباد اور سارے ملک کے تحفظ کے لئے سب سے بڑی ذمہ داری عدلیہ کی ہے اور عدالت میں یہ کیس ابھی موجود ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ انھوں نے جھوٹ سے ملکی سیکیورٹی کو داؤ پر لگا دیا، جھوٹ بے نقاب کرنے کے لئے ڈی جی آئی ایس آئی کو سامنے آنا پڑا، رات کے اندھیرے میں پاؤں اور دن کی روشنی میں یہ گردن پکڑتے ہیں جب کہ رات کو چھپ کر ملاقاتوں کا بھانڈا پھوٹ چکا ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ یہ چیف الیکشن کمشنر پر ہرجانے کے دعوےکی بات کرتے ہیں، بند دروازے کے پیچھے تاحیات ایکسٹینشن کی بات کرتے تھے، عمران کہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ نے بتایا کہ نواز شریف چور ہیں اور بعدِ ازاں ثابت ہوگیا نواز شریف بے قصور ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالت میں ججز بار بار قومی احتساب بیورو (نیب) سے ثبوت مانگتے رہے لیکن نیب پراسیکیوٹر ٹال مٹول سےکام لیتے رہے، انھیں پرچی پر کوئی کچھ لکھ کر دے دے تو یہ یقین کرلیتے ہیں، عدالت میں ثبوت پیش کرنے ہوتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کو جھوٹے الزامات پر نواز شریف سے معافی مانگنی چاہئے، یہ معافی مانگنےکے بجائے این آر او کی باتیں کرتے ہیں، نواز شریف کو جیل میں ڈالنے کے باوجود یہ نہیں جیت سکے اسی لئے انہیں آر ٹی ایس بند کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا ایک بہت بڑا اسکینڈل سامنے آنے والا ہے، توشہ خانہ سے ہیرے کی قیمتی جیولری لے کر انہوں نے بیچی، 2 کروڑ کی جیولری خرید کر وہ جیولری 22کروڑ روپے میں بیچی گئی جس کا کیس جلد سامنے آنے والا ہے جب کہ اب تک توشہ خانہ سے عمران خان 50 کروڑ روپے کی چوری کر چکے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ’اسٹیبلشمنٹ نے آئینی کردار تک محدود رکھنے اور سیاست میں دخل اندازی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے وہ پہلے سے نواز شریف کا ہی بیانیہ ہے، سیاست میں مداخلت بند ہوتے ہی عمران خان منہ کے بَل گر گیا، نواز شریف نے عمران خان کو ہر انتخابی میدان سمیت پارلیمنٹ میں بھی شکست دی، اس کی حکومت آئینی طریقے سے ختم ہوئی اور اب عمران کی قسمت میں سڑکوں پر دھول چاٹنا رہ گیا ہے۔‘

ن لیگ کی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ جب سے اسحاق ڈار واپس آئے ہیں ڈالر کو نہ صرف بریک لگی ہے بلکہ ڈالر 25 روپے سستا ہواہے، یہی مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی ہے، ہماری حکومت میں مہنگائی میں کمی آئی ہے اور پاکستان کو اب پیسہ بھی مل رہا ہے، البتہ نواز شریف کی کوشش ہے کہ 300 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کو مفت بجلی ملے۔

london

COAS

Maryam Nawaz

imran khan

Establishment

PTI long march 2022

Azadi March Nov2 2022