Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ممنوعہ فنڈنگ اور دہشت گردی کے مقدمے میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع

چیئرمین پی ٹی آئی کی حاضری استثنیٰ کی درخواست منظور
اپ ڈیٹ 31 اکتوبر 2022 11:00am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی عبوری ضمانت میں 10 نومبر تک توسیع کر دی۔

اسلام آباد کی بینکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے فارن ایکسچینج ایکٹ کیس میں عمران خان سمیت شریک ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

معاون وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم یونس علی اور رضا طارق حاضر ہیں، سینئر وکیل شاہ خاور سپریم کورٹ ہیں۔

بینکنگ کورٹ کی جج نے استفسار کیا کہ کیا وہ آئیں گے؟ بحث کریں گے؟ اس مقدمے میں ضمانتیں کتنی ہیں، جس پر معاون وکیل نے بتایا کہ اس مقدمے میں 4 ضمانتیں ہیں۔

ملزم طارق شفیع بھی اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل راجہ عبدالقدیر نے ملزم فیصل مقبول کی حاضری سےاستثنی کی درخواست دائر کی اور کہا کہ فیصل مقبول دل کے مریض ہیں، ڈاکٹرز نے سفر کرنے سے منع کیا ہے۔

معاون وکیل نے کہا کہ اسپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی راستے میں ہیں، جس پر عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا۔

وقفے کے بعد کیس کی سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ عمران خان نے حفاظتی ضمانت ہائیکورٹ سے حاصل کی۔

عمران خان کے وکیل نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ عمران خان لاہور میں لانگ مارچ کی قیادت کررہے ہیں۔

پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کی جائے، یہ تو کوئی جواز نہ ہوا عمران خان لانگ مارچ کررہے ہیں پیش نہیں ہوسکتے۔

بینکنگ کورٹ کی جج نے عمران خان کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں۔

بعدازاں عدالت نے عمران خان کی حاضری استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں 10 نومبر تک توسیع کردی۔

دہشت گردی کا مقدمہ: عمران خان کی عبوری درخواست ضمانت میں توسیع

دوسری جانب اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے تھانہ ترنول میں درج دہشت گردی کے مقدمے میں عمران خان کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

عمران خان کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے اور عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

عدالت نے عمران خان کی عبوری درخواست ضمانت میں بھی9 نومبر تک توسیع کر تے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف تھانہ ترنول میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ کیس کی سماعت 9 نومبر کو پھر ہوگی۔

pti

اسلام آباد

imran khan

Banking Court