ان سے بات کی جو شہباز کو اشاروں پر نچاتے ہیں، عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف سے بات چیت کا پیغام بھجوانے کی تردید کردی اور کہاکہ وہ کیوں شہباز شریف کو پیغام بھجوائیں گے، قوم موجودہ حکومت کو نہیں مانتی، یہ ہمیں جانور نہ سمجھیں، ہم انسان ہیں، حقیقی آزادی کے لئے جہاد کررہے ہیں۔
لانگ مارچ کے تیسرے روز مریدکے میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ شہبازشریف نے کہا کہ مرید کے کے عوام رات سے میرا انتظار کرتے رہے، عوام کا جو سمندر یہاں نظر آ رہا ہے وہ اندھیرے میں نظر نہیں آنا تھا اور مجھے مرید کے کے لوگوں پر اعتماد تھا، جانتا تھا وہ ضرور آئیں گے، مرید کے کے عوام کو بھرپور استقبال پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ شہبازشریف !آپ نے بیان دیا کہ میں نے آپ کو ایک پیغام بھیجوایا ہے، شہباز شریف سن لیں! میں بوٹ پالش کرنے والوں سے بات نہیں کرتا، شہباز شریف آپ کے پاس کیوں پیغام بھجواؤں گا، میں نے ان سے بات کی جو شہبازشریف کو اشاروں پر چلاتے ہیں، جن سے بات کی ان کو کہا کہ ملک میں شفاف الیکشن کرائے جائیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ میں نے کسی کی منتیں نہیں کیں، عوام کی طاقت سے وزیراعظم بنا، انہوں نے اربوں روپے خرچ کرکے ہمارے لوگوں کے ضمیر خریدے، غلام اور ڈاکو ہم پر مسلط کیے گئے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں الیکشن کے ساتھ قانون کی حکمرانی چاہتا ہوں، میں چاہتا ہوں پاکستان کے عوام کے حقوق کی حفاظت کی جائے، سن لیں پاکستان کے عوام بھیڑ بکریاں نہیں، جیتے جاگتے انسان ہیں، چاہتا ہوں پاکستان کی فوج مضبوط فوج بنے اور عوام اس کے ساتھ کھڑی ہو۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو آزاد رکھنے کے لئے ہمیں مضبوط فوج چاہیئے، تعمیری تنقید کرتا ہوں اور میں اپنی فوج کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتا، قوم کو ساتھ لے کر چلیں گے، ہمارا جہاد حقیقی آزادی کے لئے ہے، غلامی سے بہتر موت ہے۔
Comments are closed on this story.