Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹی 20 ورلڈ کپ: بنگلہ دیش کے ہاتھوں زمبابوے کو 3 رنز شکست

زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں147 رنز ہی بناسکی
شائع 30 اکتوبر 2022 12:11pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔ کرک انفو
فوٹو۔۔۔۔۔۔ کرک انفو

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر12 مرحلے کے اہم میچ میں بنگلادیش نے زمبابوے کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دے دی۔

آسٹریلیا کے شہر برسبین میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں بنگال ٹائیگرز کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بناسکی۔

اوپنر نجم الحسن شنٹو نے 71 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان شکیب الحسن ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے انہوں نے 23 رنز اسکور کیے، اس کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں سومیا سرکار صفر، لٹن داس 14، عفیف حسین 29 اور مصدق حسین 7 رنز بناکر نمایاں رہے۔

زمبابوے کی جانب سے رچرڈ نگروا اور بلیسنگ مزاربانی نے 2،2 جبکہ سکندر رضا اور شان ولیمز ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کا آغاز اچھا نہ تھا تاہم شان ولیمز کی شاندار اننگز کی بدولت زمبابوین ٹیم نے بنگال ٹائیگرز کو ٹف ٹائم دیا۔

جواب میں زمبابوے نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن 20 اوورز میں زمبابوے کی ٹیم 147 رنز ہی بناسکی۔

ولیمز نے 64 رنز کی اننگز کھیلی وہ شکیب الحسن ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے، اس کے علاوہ ریان برل 27 ، ریگس چکاباوا 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 2 جبکہ مصدق حسین اور مستفیض الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں ڈرامائی صورتحال اس وقت ہوئی جب زمبابوے کو آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے لیکن ڈاٹ بال کے باعث ٹیم کو کوئی رن نہیں ملا اورکھلاڑی پویلین کی جانب بڑھ گئے۔

تاہم امپائر نے نو بال کا اشارہ کیا اور تمام کھلاڑی واپس گراؤنڈ میں آگئے، جبکہ اب آخری گیند پر 4 رنز درکار تھے جو نہیں بن سکے اور یوں بنگلادیش کو اس مقابلے میں فتح حاصل ہوئی۔

واضح رہے کہ آج ٹی 20 ورلڈ کپ میں 2 اور میچز کھیلے جائیں گے جس میں پاکستان اور نیدرلینڈز، بھارت اور جنوبی افریقا آمنے سامنے ہوں گے، یہ دونوں مقابلے پرتھ میں ہوں گے۔

پاکستان کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لئے نیدرلینڈز کو شکست دینا لازمی ہے، اس کے علاوہ بھارت کو جنوبی افریقا اور بنگلادیش کو زمبابوے کو شکست دینا بھی انتہائی اہم ہے۔

cricket

ICC

Australia

T20 World Cup

Zimbabwe

Bangladesh

Brisbane