40سال نوکری کےبعد کوئی غداری کاطوق لٹکاکرنہیں جاناچاہتا، ترجمان پاک فوج جذباتی ہوگئے
پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار پریس کانفرنس کے دوران ایک موقع پر جذباتی ہوگئے۔
ارشد شریف قتل پر انکوائری رپورٹ کا ذکر کرنے کے بعد انہوں نے کہاکہ رپورٹ آنے تک الزام تراشی نہ کی جائے، ہم ایک خود دار اورآزاد قوم ہیں اور ہم میں سے ہر ایک نے پاکستان کی ترقی اور امن کے لیے کردار ادا کرنا ہے۔ میری آپ سے درخواست ہوگی کہ اپنے اداروں پر اعتماد رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم سے ماضی میں کوئی غلطیاں ہوئی ہیں تو پچھلے بیس سالوں سے ہم اپنے خون سے ان کو دھو رہے ہیں۔ یہ آپ کی فوج ہے۔ یہ وردی پہنے ہوئے، پینتیس پینتیس ،چالیس چالیس سال نوکری کے بعد کوئی غداری کا طوق لٹکا کر گھر نہیں جانا چاہتا۔ ہم کمزور ہوسکتے ہیں۔ ہم سے غلطیاں ہو سکتی ہیں۔ مگر ہم غدار اور سازشی نہیں ہوسکتے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق اس چیز کا ادراک سب کو کرنا ہوگا۔ کیونکہ فوج عوام کے بغیر کچھ نہیں ہے۔ ایک بہت مشہوراسکالر نے بہت عرصہ قبل کہا تھا کہ اگر پاکستان کو توڑنا ہے تو پہلے اس کی فوج کو کمزور کر دو۔ اور آج ہائبریڈ وار فیئر کی اپیلیکشن، ففتھ جنریشن وار فیئر کی اپیلیکشن ان سب کی ایک کاپی بک ایپلیکشن پاکستان میں ہو رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہم سب اس چیز سے نبردآزما ہیں اور ہم اس سے باہرنکلیں گے، پاک فوج بطورادارہ کبھی بھی اپنی قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔
Comments are closed on this story.