Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

فیکٹ چیک: فیصل واوڈاکے بعد شیخ رشید بھی پارٹی پالیسی سے منحرف

فہرست میں اسدعمر اور شاہ محمود قریشی کے نام بھی شامل
شائع 27 اکتوبر 2022 10:19am

پاکستانی صحافی ارشد شریف کے قتل کے حوالے سے پارٹی صفوں میں زلزلہ لانے والے فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس نے سوشل میڈیا پر کئی اور حوالوں سے بھی بحث چھیڑدی۔

واوڈا نے پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ ارشد شریف کو قتل کیا گیا اوراس قتل کے پیچھے حکومت کا ہاتھ نہیں تھا۔عمران خان کو گمراہ کیا جا رہا ہے اور پی ٹی آئی کا لانگ مارچ خونی ثابت ہوگا، واوڈانے مزید کہا کہ ارشد شریف کے قتل میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار نہیں، جس کا کردار ہے وہ آپ کو آئندہ آنے والے دنوں میں پتہ چل جائے گا۔

سوشل میڈیا پر فیصل واوڈاکے دعووں کے جواب میں صارفین نے ایک نقطہ یہ نکالا کہ پی ٹی آئی پالیسیوں سے انحراف کرنے والا اگلا رہنما کون ہوگا۔

جہاں اس حوالے سے اسد عمر، شاہ محمود قریشی سمیت دیگرمرکزی رہنماؤں کے نام لیے گئے وہیں سابق وزیرداخلہ اورعوامی مسلم لیگ کے سربراہ ، پی ٹی آئی کے اہم اتحادی شیخ رشید کا نام اتنا سرفہرست رہا کہ ٹوئٹرٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

عمران خان کے خلاف جانے والوں ممکنہ افراد میں شیخ رشید کا نام ٹاپ پررہنے کی بڑی وجہ سوشل میڈیا پرپھیلائے جانے والے کچھ اسکرین شاٹس بنے جنہیں شیئرکرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کے بعد اب شیخ رشید لانگ مارچ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کرنے والے ہیں۔

متعدد صارفین نے اسدعمر، شیخ رشید اور شاہ محمود قریشی کا نام لیتے ہوئے عمران خان کو ان سے محتاط رہنے کا پیغام دیا۔

لیکن کیا واقعی شیخ رشید لانگ مارچ میں شرکت نہیں کررہے۔۔۔۔ نہیں، ایسی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں کیونکہ اپنا نام ممکنہ منحرف افراد کی فہرست میں سب سے اوپر دیکھ کر انہوں نے علی الصبح آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ویڈیوپیغام میں واضح کیا کہ وہ لانگ مارچ میں شرکت کررہے ہیں۔

انقلابی شعر سے اپنے پیغام کا آغازکرنے والے شیخ رشید نے انکشاف کیا کہ وہ لانگ مارچ میں شرکت کیلئے لاہور پہنچ چکے ہیں کیونکہ اسلام آباد میں حالات ان کے لیے بہترنہیں تھے۔

انہوں نےقوم سے پی ٹی آئی لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسے ملک میں تاریخی اور حقیقی آزادی کا پیش خیمہ بنائیں اور جوش جذبے، طنطنے اور ہمت کے ساتھ شرکت کریں۔

شیخ رشید نے بتایا کہ، ”میں بھی کل 11 بجے لبرٹی چوک میں شرکت کروں گا، آج شام 5 بجے لانگ مارچ کی حمایت اور ارشد شریف کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے اہم پریس کانفرنس کروں گا“۔

شیخ رشید کے اس ویڈیو پیغام کے بعد پی ٹی آئی کے حامی بیشتر صارفین نے ٹویٹس میں کہا کہ امید ہے جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے والوں کی تسلی ہوگئی ہوگی۔

Sheikh Rasheed

imran khan

faisal vawda

arshad sharif death

arshad sharif