Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ارشد شریف کے قتل سے متعلق جعلی اکاؤنٹ سے سنگین دعوے

کیتھی پیٹرسن کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اہم سوالات اٹھائے گئے
شائع 26 اکتوبر 2022 01:11pm
کیتھی پیٹرسن کے نام سے بنایا گیا ٹوئٹر اکاؤنٹ
کیتھی پیٹرسن کے نام سے بنایا گیا ٹوئٹر اکاؤنٹ

ٹوئٹر پر کینیا کی خاتون صحافی کیتھی پیٹرسن سے منسوب ایک اکاؤنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ ارشد شریف کی گاڑی پر 17 گولیاں فائر کی گئیں جب کہ دو گولیاں جو ارشد شریف کو سر میں لگیں وہ قریب سے فائر ہوئی تھیں۔

اس سے پہلے پولیس رپورٹ کے حوالے سے کینیا کے مقامی ذرائع ابلاغ نے کہا تھا کہ ارشد شریف کی گاڑی کو 9 گولیاں لگی تھیں۔

قریب سے گولی لگنے کا دعویٰ سنسنی خیز ہے کیونکہ کینیا کی پولیس نے کہا تھا کہ ارشد شریف کی گاڑی پر پولیس اہلکاروں نے اس وقت گولیاں برسائیں جب گاڑی ناکے پر رکنے میں ناکام رہی۔

”کیتھی پیٹرسن“ نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب اس وقت کئی سوالات اٹھائے جب ارشد شریف کی میت اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی۔ کیتھی نے تابوت کی تصاویر بھی شیئر کیں جو پاکستانی پرچم میں لپٹا ہوا تھا۔ ایک تصویر میں ایک خاتون اور بچی تابوت سے لگے بیٹھے ہیں۔

تاہم مسئلہ یہ ہے کہ کینیا کی یہ خاتون صحافی کیتھی پیٹرسن حقیقت میں وجود نہیں رکھتیں۔

کیتھی پیٹرسن کے نام سے یہ اکاؤنٹ جعلسازوں سے بنایا ہے۔

جعلسازوں نے اکاؤنٹ کو حقیقی رنگ دینے کے لیے اس پر کینیا کی ایک خاتون صحافی کی تصویر لگائی ہے جو ٹی وی 47 سے وابستہ ہیں۔ یہ خاتون صحافی فلورا لیمیوکی ہیں جو ٹی وی 47 کے لیے سیاسی رپورٹنگ کرتی ہیں۔

فلورا نے گذشتہ دو روز کے دوران ارشد شریف کے قتل کے حوالے سے کینیا کی پولیس کا بیان اور مقامی صحافیوں کی ٹؤئیٹس کو ری ٹوئیٹ کیا ہے لیکن خود سے ارشد شریف کے قتل کے حوالے سے کوئی دعویٰ نہیں کیا۔

فلورا کے اصل اکاؤنٹ پر شائع ان کی تصویر
فلورا کے اصل اکاؤنٹ پر شائع ان کی تصویر

تاہم جعلسازوں نے کیتھی پیٹرسن کے نام سے بنائے گئے اکاؤنٹ سے نہ صرف ارشد شریف کو قریب سے گولیاں لگنے کا دعویٰ کیا بلکہ یہ بھی کہا کہ ”بدقسمتی سے میرے ملک نے ایک صحافی کی لاش پاکستان کو دی ہے اور شفاف تحقیقات کےل یے بھی تیار نہیں۔“

اس فرضی کیتھی پٹرسن نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی کینیا کی حکومت پر بھروسہ نہیں کر سکتیں۔ اس نے کہا بھی کہا کہ کسی نے اسے بتایا ہے کہ ارشد شریف کے سر کی قیمت مقرر تھی۔

جعلسازوں نے کے اکاؤنٹ کو حقیقی رنگ دینے کے لیے اس سے مجموعی طور پر 119 ٹؤئیٹس کی ہیں جن میں سے کئی پرانی ہیں اور دیگر عالمی امور پر بھی ہیں تاہم بیشتر پاکستان کے حوالے سے ہیں۔

سوشل میڈیا ماہرین کے مطابق ایسے اکاؤنٹ کے جعلی ہونے کا ایک بڑا ثبوت ان کے ٹوئٹر ہینڈل میں ہوتا ہے جو کسی نام سے نہیں بنے ہوتے بلکہ ایسے ہی الفاظ ااور اعداد کو ملا کر بنا لیے جاتے ہیں۔ کیتھی پیٹرسن کا ٹوئٹر ہینڈل @555Says سے بنایا گیا۔

Fake accounts

arshad sharif death