Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

وفاقی حکومت کا چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے اہم فیصلہ

فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت حالیہ اجلاس میں کیا گیا
شائع 26 اکتوبر 2022 12:34pm
تصویر: فیس بک آفیشل آفیشل وزیراعظم شہباز شریف
تصویر: فیس بک آفیشل آفیشل وزیراعظم شہباز شریف

وفاقی حکومت نے آئندہ 5 سے 6 ہفتوں کے دوران آنے والے اہم/حساس واقعات کے پیش نظر چینی شہریوں کے لیے پراجیکٹس، کاروباری منصوبوں اور ہائی الرٹ کی منظوری دیتے ہوئے تمام نان سی پیک (چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور) منصوبوں کی سیکیورٹی لاگت شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بزنس ریکارڈر کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت حالیہ اجلاس میں کیا گیا جس کا مقصد سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینیوں کی سکیورٹی کا جائزہ لینا اور داسو اور کراچی یونیورسٹی کے واقعات سے متعلق تحقیقات/مجرمانہ کارروائیوں پر تازہ ترین پیشرفت حاصل کرنا تھا۔

ذرائع نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں جدید ترین نیشنل فرانزک سائنس لیب کے قیام کے لیے چین سے تکنیکی اورمالی مدد لی جا سکتی ہے جبکہ حکومت پاکستان نے پہلے ہی تمام سی پیک منصوبوں کی سیکورٹی لاگت کو منصوبوں کی کل لاگت میں شامل کر رکھا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا کہ چینی سفیرسے ملاقات کرکے انہیں داسو اور کراچی کے واقعات سے متعلق تحقیقات/مجرمانہ کارروائیوں پر تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایاگیا کہ چینی سفیر سے یہ بھی درخواست کی جائے گی کہ وہ پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کو ہدایت دیں کہ وہ اپنی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے وزارت داخلہ کے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔

ذرائع نے بزنس ریکارڈرکو بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا کہ چینی سفارتخانے کو امن و امان سے متعلق کسی بھی معلومات کی فراہمی کے لیے وزارت داخلہ ہی وفاقی حکومت سے رابطے کا واحد ذریعہ رہے گی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وزارت داخلہ جی ایچ کیو کی مشاورت سے سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم کی سربراہی میں ایپکس کمیٹی کی تشکیل کے لیے پی ایم آفس کو تجویز بھیجے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام صوبائی حکومتیں سی ٹی ڈی پنجاب کے ماڈل پر اپنے سی ٹی ڈیز کی تنظیم نو اور مضبوطی کو تیز رفتار بنیادوں پر یقینی بنائیں گی۔ وزارت داخلہ اس کی تکمیل یقینی بنانے کے لیے ان کوششوں کی نگرانی اور سہولت بھی فراہم کرے گی۔

اجلاس میں مزید کہا گیا کہ گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیرسمیت تمام صوبائی حکومتیں غیرملکی شہریوں پرنظررکھنے اور ان سے متعلق بروقت اپ ڈیٹ یقینی بنانے کے لیے نادرا کی مدد سے وزارت داخلہ کے فارن نیشنل سیکیورٹی سیل کے تیار کردہ ڈیش بورڈ کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں گی۔

اس کے علاوہ وزارت داخلہ نیکٹا کی تنظیم نو اور اس کی انتظامی نگرانی میں وفاقی سی ٹی ڈی کے قیام کے لیے ایک جامع تجویز وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

Shehbaz Sharif

chinese nationals