Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

فیروز خان نے سابق اہلیہ پر تشدد کی تصاویر پر خاموشی توڑ دی

اہلیہ پر تشدد کے حوالے سے گردش کرنے والی تصاویر کی کوئی حقیقت نہیں، اداکار
شائع 25 اکتوبر 2022 11:58pm

فیروز خان نے سابق اہلیہ کی جانب لگائے گئے الزامات اور جاری کی گئی تشدد پر مبنی تصاویر کی تردید کردی ہے۔

اداکار فیروز خان نے انسٹاگرام اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں فیروز خان ان تمام بے بنیاد، بدنیتی پر مبنی اور جھوٹے الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں جو مجھ پر لگائے گئے ہیں اور سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں۔ ان الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الزامات لگانے کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا مکمل ارادہ رکھتا ہوں اور میں نے اس کے مطابق اپنی قانونی ٹیم کو ہدایت کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں واضح طور پر یہ بتانا چاہوں گا کہ میں نے ہمیشہ قانون کی صحیح معنوں میں پیروی کی ہے اور کبھی بھی جان بوجھ کر کسی دوسرے انسان کو تکلیف نہیں دی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں کرہ ارض پر بسنے والے ہر انسان کے تمام انسانی حقوق پر بہت پختہ یقین رکھتا ہوں۔

گزشتہ روز سے فیروز خان کی جانب سے سابق اہلیہ پر کئے گئے تشدد کی تصاویر، ایم ایل او اور پولیس رپورٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہیں ۔

علیزے سلطان پر تشدد کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے ان کا ساتھ دیتے ہوئے فیروز خان کو آڑے ہاتھوں لیا۔

دوسری جانب کراچی کی فیملی کورٹ شرقی میں 20 اکتوبر کو فیروز خان کی جانب سے بچوں سے ملاقات اور حوالگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے علیزہ سلطان کو مہینے میں 2 دفعہ بچوں کی فیروز خان سے ملاقات کروانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے کہا کہ فیروز خان کی مہینے کے پہلے اور آخری ہفتے میں عدالتی احاطے میں بچوں سے ملاقات کروائی جائے تاہم فیروز خان ملاقات سے پہلے اپنا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔

عدالت نے فیروز خان کو ہدایت دی کہ وہ بچوں سے ہر ملاقات پر دو ہزار روپے ٹریولنگ کے لئے ادا کرینگے۔

Feroze Khan

Alizah Feroze