Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

برطانیہ کے نئے وزیراعظم بھارتی نژاد یا پاکستانی

رشی سونک کے پردادا کا تعلق گوجرنوالہ سے تھا
شائع 25 اکتوبر 2022 04:01am
رشی سونک کی اہلیہ اور بیٹیوں کے ساتھ ایک یادگار تصویر
رشی سونک کی اہلیہ اور بیٹیوں کے ساتھ ایک یادگار تصویر

برصغیر پاک و ہند سے آبائی تعلق رکھنے والے رشی سونک برطانیہ کے وزیراعظم بن رہے ہیں۔ پہلی بار انگریزوں کے دیس کی حکمران ایک غیر انگریز کے ہاتھ آرہی ہے۔ لیکن ساتھ ہی یہ سوال بھی کھڑا ہو گیا ہے کہ رشی سونک پر دعویٰ کرنے کا حق پاکستان رکھتا ہے یا بھارت۔

رشی سونک کے دادا دادی تقسیم ہند سے بہت پہلے 1930 کے لگ بھگ برصغیر چھوڑ گئے تھے۔ اس اعتبار سے وہ ہندوستانی تھے۔ لیکن ان کا تعلق گوجرنوالہ سے تھا جو اب پاکستان کا حصہ ہے۔ یوں کسی نہ کسی طرح وہ پاکستانی بھی ٹھہرتے ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق رشی سونک کے آباو اجداد کا تعلق گوجرنوالہ سے تھا۔

رشی کے دادا رام داس سونک نے 1935 میں گوجرنوالہ چھوڑا اور کینیا کے شہر نیروبی چلے گئے جہاں انہیں بطور کلرک ملازمت مل گئی تھی۔

رام داس کی اہلیہ سہاگ رانی سونک پہلے گوجرنوالہ سے دہلی منتقل ہوئیں اور پھر اپنی ساس کے ہمراہ 1937 میں کینیا پہنچی۔

رشی سونک کے والد یشویر سونک 1949 میں نیروبی میں پیدا ہوئے۔

یہ خاندان کینیا سے 1960 کی دہائی میں اس وقت برطانیہ منتقل ہوا تھا جب برطانیہ کی سابقہ کالونیوں سے بہت سے دوسرے افراد بھی دوسری عالمی جنگ کے بعد اس کی تعمیرِنو میں مدد کے لیے وہاں آئے تھے۔

الٹی تاریخ کا آغاز، برصغیر کے افراد کا برطانیہ پر راج - World - AAJ

یشویر 1966 میں برطانیہ کے شہر لیورپول پہنچے۔ 1977 میں انہوں نے لیسسٹر میں اوشا سے شادی کی۔

رشی سونک 1980 میں برطانیہ کے شہر ساؤتھمپٹن میں پیدا ہوئے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی سے گریجویشن بعد رشی سونک نے سٹینفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔ وہاں ان کی ملاقات اکشتا مورتی سے ہوئی جو بعد میں ان کی اہلیہ بنیں۔

اکشتا مورتی کے والد انڈین ارب پتی این آر نارائن مورتی ہیں، جو آؤٹ سورسنگ کمپنی اِنفوسیز لمیٹڈ کے بانی ہیں۔

رشی سونک اس سے قبل برطانیہ کے وزیر خزانہ رہ چکے ہیں۔

ذات کا بھی جھگڑا

رشی سونک کے معاملے پر صرف ان کے پاکستانی یا بھارتی ہونے کی بحث ہی نہیں چھڑی بلکہ ان کی ذات کے حوالے سے بھی بھارتی سوشل میڈیا صارفین الجھ گئے ہیں۔

بیشتر لوگوں کا کہنا ہے کہ رشی سونک کے والدین کھتری تھے جو براہمنوں کے بعد سب سے اعلیٰ ہندو ذات ہے۔ تاہم کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ سونک ایک براہمن کاسٹ ہے اور انہیں کھتری کہنا درست نہیں۔

کچھ ہندوؤں نے تو رشی سونک کے نام کے تلفظ پر بھی اعتراض اٹھائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سُونَک کا مطلب سنسکرت میں ’کتا‘ ہے اور درست تلفظ سَونک ہے جسے انگریزی میں Sounak لکھا جائے گا۔ اس کے معنے بزرگ شخصیت کے ہوتے ہیں۔۔

رشی سونک کی ذات پر فیصلہ تو نہیں ہو پایا تاہم ان کی اہلیہ اکشتا مورتی کے بارے میں واضح ہے کہ وہ برہمن ہیں۔