Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

ارشد شریف کا قتل: ’کوئی خاص تحقیقاتی اسٹوری آنے والی تھی‘

موجودہ حکومت پر مجھے ویسے ہی شک ہے، صداقت علی عباسی
اپ ڈیٹ 24 اکتوبر 2022 09:55pm
صحافی ارشد شریف۔ فوٹو — فائل
صحافی ارشد شریف۔ فوٹو — فائل

رہنما پاکستان تحریک انصاف صداقت علی عباسی کا کہنا ہے کہ خبر تھی ارشد شریف کی جانب سے کوئی خاص طریقے کی تحقیقاتی اسٹوری آرہی تھی۔

آج نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں گفتگو کرتے ہوئے صداقت علی عباسی نے کہا کہ ارشد شریف کی صحافت کا قتل 4 ماہ قبل ہوچکا تھا، ارشد خاص طرح کے مافیا کی تحقیقات کرنے والا صحافی تھا، خبر تھی کہ کوئی خاص طریقے کی تحقیقاتی اسٹوری آرہی تھی۔

صداقت علی عباسی نے کہا کہ کینیائی پولیس بد نام ہے، ارشد شریف کو قتل کیا گیا ہے، اس کے قتل کی تحقیقات ہونی چاہئیں، موجودہ حکومت پر مجھے ویسے ہی شک ہے لیکن میں اس پر مزید کچھ نہیں کہہ سکتا۔

اس موقع پر سابق گورنر سندھ اور رہنما ن لیگ محمد زبیر نے کہا کہ مجھے لندن سے رات 3 بجے ارشد شریف کے قتل سے متعلق ایک دوست کا فون آیا، ارشد کے ٹاک شومیں جانے سے کافی لوگ ڈرتے تھے لیکن وہ آف ایئر بہت اچھے آدمی تھے، البتہ ارشد ملک سے کیوں گئے اس کا سوال معلوم کرنا چاہئے۔

صحافی و تجزیہ کار اطہر کاظمی نے کہا کہ اس معاملے کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا، کینیائی پولیس ہمارے ہاتھ میں نہیں، ہم بے بس ہیں لہٰذا ہم کچھ نہیں کر سکتے، البتہ اب تحقیقات یہ ہونی چاہئے کہ ارشد شریف پاکستان چھوڑنے پر کیوں مجبور ہوا۔

اطہر کاظمی کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ سے میری ملاقات ہوئی جنہوں نے مجھے تین بار کہا کہ تم نے آواز اٹھانی ہے، ارشد کا بیٹا بھی میرے بیٹے کی عمر کا ہے، میرے بیٹے نے میسج کرکے کہا کہ مجھے ڈر لگ رہا ہے، آپ جلدی سے گھر آجائیں۔

’تحفہ بیچنا کوئی غلط بات نہیں‘

صداقت علی عباسی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں، انہوں نے توشہ خانہ ریفرنس پر فیصلہ عدالت سمجھ کر دیا، ہم پہلے الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کا اظہار کر چکے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ گھڑیاں بیچنا عمران خان کا قانونی حق تھا، تحفہ بیچنے میں کوئی غلط بات نہیں ہے۔

دوسری جانب توشہ خانہ ریفرنس پر محمد زبیر کا کہنا تھا کہ ایک وزیراعظم کو تحفہ بیچنا زیب نہیں دیتا، عمران خان کا گزشتہ 25 سالوں سے خرچہ کوئی نہ کوئی اٹھاتا ہے لیکن اس کے باوجود بھی وہ گھڑیاں بیچنے گئے۔

pti

imran khan

faisla aap ka

tosha khana case

arshad sharif death

arshad sharif