Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ارشد شریف کی موت کی تحقیقات ”معزز“ کینیائی ادارے کے سپرد

"آئی پی او اے" کا تحقیقات کے لیے تفتیش کاروں کی ایک ٹیم کی تعیناتی کا اعلان
شائع 24 اکتوبر 2022 06:07pm
آرٹ ورک: سفیرالہٰی قریشی
آرٹ ورک: سفیرالہٰی قریشی

کینیا کی انڈیپنڈنٹ پولیسنگ اوور سائیٹ اتھارٹی (آئی پی او اے) نیروبی کے مضافات میں پاکستانی صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ارشد شریف کو پولیس نے اس وقت گولی مار کر ہلاک کیا تھا جب ان کے ڈرائیور نے مبینہ طور پر نیروبی میں کار جیکنگ کے ایک واقعے کے بعد لگائے گئے روڈ بلاک کی خلاف ورزی کی تھی۔

پولیس حکام نے مقامی پریس کو بتایا کہ انہیں غلط شناخت کے معاملے میں قتل کیا گیا، پولیس کو شریف کی گاڑی سے ملتی جلتی گاڑی کی تلاش تھی۔

مقامی صحافیوں کے مطابق، ارشد شریف کی موت کی اطلاع کے چند گھنٹے بعد ”آئی پی او اے“ نے تحقیقات کے لیے تفتیش کاروں کی ایک ٹیم کی تعیناتی کا اعلان کیا۔

کینیا کے ایک سینئر صحافی ڈاکٹر پیٹر کیمانی نے آج نیوز کو بتایا کہ آئی پی او اے کافی حد تک خود مختار ادارہ ہے اور اس نے ماضی میں کرپٹ پولیس افسران کو سزائیں دلوا کر کینیا کے لوگوں کی نظروں میں احترام حاصل کیا ہے۔“

یہ بھی پڑھیں: ارشد شریف قتل، کینیائی پولیس اور صحافیوں کے متضاد دعوے

پولیس کی کارروائی سے ہونے والی اموات اور سنگینیوں کی تحقیقات کے لیے پولیس کی نگرانی کا یہ ادارہ 2011 میں پارلیمنٹ کے ایک ایکٹ کے ذریعے قائم کیا گیا تھا۔

یہ اتھارٹی پولیس کی بدانتظامی کی بھی تحقیقات کرتی ہے اور پولیس کے اندرونی امور کے یونٹ کی تحقیقات اور کارروائیوں کا آڈٹ کرتی ہے۔

اسے پولیس کے اختیارات کا معائنہ کرنے، پولیسنگ آپریشنز اور تعیناتی کی نگرانی اور تفتیش کرنے کا اختیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ارشد شریف کی میت حوالگی کیلئے جانے والے اہلکاروں کی غیر سنجیدگی

ڈاکٹر کیمانی کا کہنا ہے کہ اتھارٹی کی بنیاد پولیس کی اپنے ساتھیوں سے تفتیش کرنے میں ناکامی پر مبنی تھی۔

کوئی عام واقعہ نہیں

ماضی میں کینیائی پولیس اہلکاروں پر ضرورت سے زیادہ طاقت کے استعمال کا الزام عائد کیا گیا، لیکن ڈاکٹر کیمانی کے مطابق، عام طور پر غیر قانونی بستیوں میں عوامی خلفشار کو روکنے کے لیے اس طرح کے غلط استعمال اکثر ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے لیے کینیا میں شاہراہوں پر گاڑی چلانے والوں کو گولی مارنا شاذ و نادر ہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک شاہراہ پر پولیس کی فائرنگ سے ارشد شریف کی موت ایک بہت ہی نایاب واقعہ ہے۔

اس سے قبل، پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کہہ چکے ہیں کہ سفارت خانے کے اہلکار کینیا کے حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

Kenya

arshad sharif

IPOA