Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا ارشد شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار

ارشد شریف کی المناک موت کی خبر سے مجھے بہت دکھ ہوا
اپ ڈیٹ 24 اکتوبر 2022 11:50am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

صدر مملکت عارف علوی ،وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے صحافی ارشد شریف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

’ارشد شریف کی موت پاکستان میں صحافت کے لئے بہت بڑا نقصان ہے‘

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں صدر عارف علوی نے کہا کہ ارشد شریف کی موت پاکستان میں صحافت کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔

عارف علوی نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے اہلخانہ جن میں ان کے چاہنے والے بھی شامل ہیں ،ان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

’ارشد شریف کی موت کی خبر سن کرمجھے انتہائی افسوس ہوا ہے‘

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ صحافی ارشد شریف کی ناگہانی موت کی دل دہلا دینے والی خبر سن کرمجھے انتہائی افسوس ہوا ہے ۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کوجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتا ہوں اور ان کے لئے دعاگو ہوں۔

رانا ثناء اللہ کا ارشد شریف کے انتقال پر دکھ کا اظہار

وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

رانا ثنا ءاللہ نے ارشد شریف کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر شریک ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ کینیا میں ارشد شریف کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ افسوس ناک ہے،حقائق جاننے کے لئے کینیا کی حکومت سے رابطے میں ہیں، پاکستانی سفارتخانہ ارشد شریف معاملے میں مکمل معاونت کررہا ہے۔

مریم اورنگزیب کا ارشد شریف کے انتقال پر دلی رنج وغم کا اظہار

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے معاملے پر ارشد شریف کی والدہ اور پاکستان میں کینیا کے سفیر سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

مریم اورنگزیب نے دلی رنج اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ارشد شریف کی والدہ کو اب تک ہونے والی پیش رفت اور حاصل ہونے والی معلومات سے آگاہ کیا، جیسے ہی کینیا کی حکومت آفیشلی ہمیں بتائے گی، ہم تفصیلات سے ارشد شریف کے اہل خانہ اور عوام کو آگاہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کینیا کے سفیر نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے، مصدقہ حقائق سامنے آنے تک قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔

گزشتہ روز سینئر صحافی اور اینکرپرسن ارشد شریف کینیا کے شہر نیروبی میں ایک حادثے میں جاں بحق ہوگئے ۔

پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ ارشد شریف کو قتل کیا گیا ہے۔

ارشد شریف کی اہلیہ جویریہ صدیقی، کولیگ کاشف عباسی سمیت کئی سینئر صحافیوں نے ان کی موت کی تصدیق کی ہے جبکہ کینیا کی پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔

PM Shehbaz Sharif

senior journalist

arshad sharif

condolance