پی ٹی آئی نے رانا ثناءاللہ کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کردیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ اور آئی جی اسلام آباد کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
پی ٹی آئی رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کے نام کھلے خط میں کہا کہ وفاقی پولیس نے بیہودہ الزام میں صالح محمد کو گرفتار کیا ااور پھر نہایت توہین آمیز طریقے سے ان کے گلے میں تختی لٹکا کر ان کی تصویر بنائی اور سوشل میڈیا پر جاری کردیا۔
اسد قیصر نے خط میں مزید کہا کہ پارلیمان کو اپنے کردار اور حیثیت کے اعتباز سے ملکی سیاسی نظام میں غیرمعمولی تقدیس اور مرکزیت حاصل ہے، آئین شہریوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کے شرف انسانی اور تکریم آدم کے مکمل تحفظ کا ضامن ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ رکن قومی اسمبلی صالح محمد کے ساتھ وفاقی پولیس نے یہ مذموم حرکت کی، پشتون قوم باالخصوص مانسہرہ کے عوام اپنے نمائندے کے ساتھ اس شرمناک سلوک پر سخت رنجیدہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایوان کے سربراہ کے طور پر آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ پولیس کے اس شرمناک اقدام کا فوری نوٹس لیں، جامع تحقیقات کے ذریعے ذمہ داروں کے تعین کے ساتھ ان کے خلاف سخت کارروائی کا اہتمام کریں، رانا ثنااللہ کو استحقاق کمیٹی میں طلب، آئی جی اسلام آباد کو ذمہ داروں سمیت فوری معطل کیا جائے۔
Comments are closed on this story.