بیگم نصرت بھٹو کو دنيا سے رخصت ہوئے 11سال بیت گئے
مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو دنيا سے رخصت ہوئے11سال بیت گئے، ان کی برسی آج منائی جا رہی ہے۔
بیگم نصرت بھٹو کی برسی کے موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے تحت تقریبات منعقد ہوں گی۔
ایران کے صوبے اصفہان میں 23 مارچ 1929 کو پیدا ہونے والی بیگم نصرت بھٹو کی ملک میں جمہوریت کی بقا کے لئے جدوجہد بے مثال ہے اور دنیا سے رخصت ہونے کے بعد انہوں نے مادرِ جمہوريت کا لقب پایا۔
سابق صدرآصف علی زرداری نے بیگم نصرت بھٹو کی برسی پر پیغام دیا کہ 18 ویں آئینی ترمیم مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کے خواب کی تعبیر ہے جبکہ انہوں نے وقت کے آمروں اور غاصبوں کا بہادری سے مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی ملک ،عوام اور جمہوریت کیلئے جدوجہد بے مثال ہے، مادر جمہوریت ملک ،عوام اور جمہوریت کیلئے قربانیوں کی ایک تاریخ ہے۔
دوسری جانب وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا مادرِ جمہوریت نے ہمیں برداشت، صبر اور آوازِ حق بلند کرنے کا سبق سکھایا، بیگم نصرت بھٹو نے ملک ميں جمہوريت کے قيام کے لیے بے پناہ جدوجہد کی اور قربانیاں دیں۔
اس کے علاوہ بیگم نصرت بھٹو کی علالت کے دوران ہی محترمہ بے نظير بھٹو کو بھی شہيد کیا گيا تھا، جس کے بعد وہ 23 اکتوبر2011 کو دبئی ميں دنیا سے رخصت ہوگئیں۔
Comments are closed on this story.