Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

طحٰہ شیخ کے قاتلوں کی عدم گرفتاری، پی ٹی آئی نے آئی جی آفس کا گھراؤ کرلیا

ضلع شرقی کے تمام اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے ذمہ دار ایس ایس پی ایسٹ ہیں، راجہ اظہر
شائع 22 اکتوبر 2022 08:14pm

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے سابق کوآرڈینیٹر طحٰہ شیخ کے قتل کے معاملے پر پی ٹی آئی کارکنان اور رہنماؤں نے آئی جی سندھ آفس کا گھیراؤ کرلیا۔ دورانِ احتجاج سندھ پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔

پی ٹی آئی کے رہنما راجہ اظہر نے سینئیر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ کو معطل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

طحٰہ شیخ کی والدہ میڈیا سے بات کرنے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں اور کہا کہ کب تک شہر کے جوان بچے مارے جائیں گے۔ والدہ نے آئی جی سندھ سے بیٹے کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی راجہ اظہر نے ایس ایس پی ایسٹ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھاتے ہوئے کہا کہ ضلع شرقی کے تمام اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے ذمہ دار ایس ایس پی ایسٹ ہیں ان کو فوری معطل کیا جائے۔

ایس ایس پی سٹی شبیر سیٹھار فوری موقع پر پہنچے اور احتجاج میں شامل مقتول طحٰہ شیخ کی والدہ سے ملاقات کی۔

ایس ایس پی سٹی شبیر سیٹھار نے قاتلوں کو جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا۔

PTI protest

Taha Sheikh