Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نا اہلی فیصلے کے بعد عمران خان کی ریکارڈ شدہ ویڈیو وائرل

گرفتاری کا خدشہ، عمران خان کا قوم کے نام پیغام سوشل میڈیا پر جاری
شائع 21 اکتوبر 2022 05:32pm
تصویر: ٹوئٹر/پی ٹی آئی پشاور
تصویر: ٹوئٹر/پی ٹی آئی پشاور

توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل قرار دیئے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ریکارڈ شدہ ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔

آخری اطلاعات کے مطابق عمران خان بنی گالہ میں اجلاس کر رہے تھے۔

وائرل ویڈیو میں عمران خان کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے اس کے بعد مجھے موقع نہ ملے کہ میں آپ سے دوبارہ مخاطب ہو سکوں، جب تک میرے الفاظ آپ تک پہنچیں گے مجھے ایک ناجائز کیس میں بند کیا جاچکا ہوگا۔

پی ٹی آئی پشاور کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کی جانب سے ”گل جی، دی کرپٹو گرو“ کی ری ٹوئٹڈ ویڈیو میں عمران خان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ اس سے ایک بات واضح ہوجانی چاہئے کہ پاکستان میں ہمارے آئینی حقوق اور جمہوریت دفن ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے عوام 50 سال سے جانتے ہیں، میں نہ کبھی پاکستان کے آئین کے خلاف گیا اور نہ ہی کوئی قانون توڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب سے سیاست میں آیا میری ہمیشہ کوشش رہی کہ جو بھی جدوجہد کروں آئینی حقوق کے تحت پرُامن طریقے سے کروں۔

عمران خان نے اپنی نااہلی پر کہا کہ یہ اس لئے نہیں کیا جارہا کہ میں نے کوئی قانون توڑا، یہ صرف اس لئے کیا جارہا ہے کہ میں حقیقی آزادی کی تحریک سے پیچھے ہٹوں اور ہمارے اوپر مسلط کرپٹ چوروں کا ٹولے اور امپورٹڈ حکومت کو قبول کروں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو اپنے حقوق اور حقیقی آزادی کیلئے نکلنا پڑے گا۔ کسی قوم کو پلیٹ میں آزادی نہیں پکڑائی جاتی، اس کیلئے جدوجہد، جہاد اور محنت کرنی پڑتی ہے، اسی قوم کو اللہ آزادی کا تحفہ دیتا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ ساری قوم اپنے حقوق کیلئے نکلے۔

politics Oct 21

Imran Khan Disqualification