Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

چوروں کی غلامی سے اچھا ہے مرجاؤں، عمران خان

چاہتا ہوں کانپیں ٹانگنے والا بلاول بھی آپ کے سامنے کھڑا ہو
شائع 20 اکتوبر 2022 04:01pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ غریب جیل میں اور بڑے بڑے ڈاکو دندناتے پھر رہے ہیں، کابینہ کے 60 فیصد ارکان ضمانت پر ہے، چوروں کی غلامی سے اچھا ہے مرجاؤں۔

سرگودھا میں طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں طلبا کی بہتری اور تربیت کی باتیں کرتا ہوں، میری بات آرام سے سن لیں پتہ نہیں کب موقع ملے، گورنر پنجاب سرگودھا یونیورسٹی کے چانسلر ہیں، گورنریونیورسٹی رہنماؤں کو خطاب سے نہیں روک سکتے، گورنر پنجاب سے کہتا ہوں ان چوروں کی باتیں نہ سنیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ چوروں کا ٹولہ اوپر آکر بیٹھ گیا ہے، ٹولہ جب میرا نام سنتا ہے ان کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں، چاہتا ہوں کانپیں ٹانگنے والا بلاول بھی آپ کے سامنے کھڑا ہو۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ شہبازشریف یہاں آئے تو وہ پیسے مانگنا شروع کردیں گے، آپ کے سامنے سیاسی لیڈر خطاب نہ کریں تو سیاسی تربیت کیسے ہوگی، آپ اپنا نظریہ کیسے بنائیں گے، کیسے پتہ چلے گا کہ لیڈر شپ کیا ہوتی ہے، کچھ سیاستدان عوام کا نام لے کر اقتدار میں آتے ہیں اور پھر لوٹنا شروع کردیتے ہیں، عوام ایسے سیاسی رہنماؤں کو حقارت کی نظر سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماراملک اس وقت فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، نیلسن منڈیلا نے اپنی ذات کے لئے سیاست نہیں کی تھی، رسولﷺ نے ہمیں حقوق دلائے اور ریاست مدینہ میں عدل کا نظام لائے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج آپ اپنے ملک کو تباہی کی طرف جاتا دیکھ رہے ہیں، حق اور سچ کے لئے کھڑے نہ ہوئے تو معاشرہ تباہ ہوجاتاہے، آج جتنے بھی ملک خوشحال ہیں وہاں وہاں قانون کی حکمرانی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پرویز مشرف نے مجھے چند دن چیل میں رکھا، جیل میں مجھے کوئی بڑا ڈاکو نظر نہیں آیا، جب اسمبلی گیا تو وہاں پاکستان کے نامور ڈاکو نظر آئے، وہ ملک جہاں انصاف نہیں وہ تباہ ہورہے ہیں، سوئٹزر لینڈ کے پاس کوئی وسائل نہیں پھر بھی وہ خوشحال ہے، سوئٹزر لینڈ میں قانون کی حکمرانی 99.99 فیصد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف امریکا پیسہ مانگے گئے اور کہتے ہیں میں مجبور ہوں، وزیراعظم جب پیسہ مانگتا ہے تو ملک کی عزت ختم ہوجاتی ہے، شہباز شریف پر 16 ارب روپے کا مقدمہ چل رہا تھا، شہبازشریف کو وزیراعظم بنادیا گیا، چوروں کی غلامی سے اچھا ہے میں مرجاؤں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ کابینہ کے 60 فیصد ارکان ضمانت پر ہے، آصف زرداری پر چوری کی کتابیں لکھی گئی ہیں، نیب زرداری کے کیسز ختم کرتا جارہا ہے، یہ سیاست نہیں بلکہ ہمارے مستقبل کا فیصلہ ہونے جارہا ہے، غریب جیل میں اور بڑے بڑے ڈاکو دندناتے پھر رہے ہیں ۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کا جلد اعلان کرنے جارہا ہوں، قوم آج دیکھ لے یہ ہر جگہ پیسے مانگتے ہیں، مہنگائی اور بے روزگاری آسمان پر پہنچ گئی ہے، 6 مہینے میں ملک کی یہ حالت ہوگئی، ساری قوم ایک طرف اور حکمران ایک طرف کھڑے ہیں، وعدہ کریں ظلم اور زیادتی کے خلاف جہاد کریں گے۔

Asif Ali Zardari

imran khan

sargodha

PM Shehbaz Sharif

address

politics Oct 21