Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

سیلاب متاثرین میں 66 ارب روپے تقسیم کیے ہیں، وزیراعظم

سردی سے بچاؤ کےلئے خصوصی کیمپس بھی بھجوائے جاررہے ہیں، شہبازشریف
شائع 20 اکتوبر 2022 11:41am
اسکرین گریب بشکریہ پی ٹی وی
اسکرین گریب بشکریہ پی ٹی وی

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین میں 66 ارب روپے تقسیم ہوچکے ہیں، ہمیں سیاست سے بالاترہوکر متاثرین کی امداد کرنی ہوگی۔

وزیراعظم کی زیرصدارت نیشنل فلڈ ریسپانس کوآرڈینیشن سینٹر(این ایف آر سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے این ایف آرسی سی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین میں 66 ارب روپے تقسیم ہوچکے ہیں جبکہ سیلاب سے 1700 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں میں ضرورت کے مطابق این ڈی ایم اے کے ذریعےامدادی سامان تقسیم کیا گیا ہے جبکہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے نے شفاف اندازمیں ذمہ داری ادا کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لئے سردی سے بچاؤ کے خصوصی کیمپس بھجوائے جاررہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ 70ارب روپے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت تقسیم ہوئے اور جاں بحق افراد کے ورثا کوفی کس 10لاکھ روپے امدادکی گئی اور88 کروڑ روپے جاں بحق افراد کے ورثا میں تقسیم کئے ہیں۔

شہباز شریف نے واضح کیا کہ ہمیں سیاست سے پرہیز کرنا چاہئے مزید بتایا کہ فصلوں کی کاشت کیلئے50 فیصد بیج وفاقی حکومت نے فراہم کرنے کا کہا ہے۔

انہوں نے کہ سندھ اور بلوچستان نے ایکشن پلان فراہم کردیا ہے لیکن پنجاب اورخیبرپختونخوا سے پلان موصول نہیں ہوا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیاست سے بالاترہوکر متاثرین کی امداد کرنی ہوگی۔

Shehbaz Sharif

floods

Pakistan Floods