رانا ثناء نے پی ٹی آئی کو پارلیمنٹ میں واپسی کی دعوت دے دی
وزیرداخلہ راناثناء اللہ نےپاکستان تحریک انصاف کوپارلیمنٹ میں واپسی کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات جیتنے سے لاقانونیت کا لائسنس نہیں مل جاتا، اسلام آباد پرچڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئی بھی الیکشن کی شفافیت پرسوال نہیں اٹھا سکتا، عمران خان چیف الیکشن کمشنرکے خلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل ہونے والے ضمنی انتخابات صاف اورشفاف تھےجس کے لیےالیکشن کمیشن مبارکباد کامستحق ہے۔
رانا ثناء کے مطابق کل عمران خان کوجھوٹے ہونے کا ثبوت فراہم کردیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کا فیصلہ کیا تو منہ توڑجواب ملے گا، آپ نے جتھا کلچر پرعمل کیا تو پھر انجام ہم دیں گے، جتھوں سے چڑھائی سے الیکشن حاصل نہیں کیے جاسکتے۔ الیکشن حاصل کرنا ہے تو پھرپارلیمان میں آئیں۔ میں عمران خان کو واضح اور دوٹوک پیغام دے رہا ہوں کہ پارلیمنٹ اور جمہوریت کا تحفظ ہرقیمت پریقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی کے 8 حلقوں میں 5 لاکھ 47 ہزار 652 ووٹ اور پی ڈی ایم کے امیدواروں نے 4 لاکھ 75 ہزار37 ووٹ حاصل کیے، عمران خان چاہتے ہیں کہ ہم ان ووٹرزکے فیصلے کو تسلیم کریں، تو پھر4 لاکھ 75 ہزار ووٹرز کے فیصلے کا بھی احترام کرنا ہوگا۔
وزیرداخلہ راناثناء اللہ نے کہا کہ اگرعمران خان کو ننکانہ کی سیٹ پر90 ہزار ووٹوں سے کامیابی ہوئی تو78 ہزارمقابل کو بھی پڑے، وہ بھی محب وطن ہیں،عمران خان کی نظرمیں باقی امیدوار چور ہیں تو تم ہماری نظرمیں چور ہو۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو یہی ہے کہ اسے تسلیم کیا جائے، ہم نے جمہوریت کے لیے ساری زندگی قربانیاں دیں، ساری زندگی جمہوری جدوجہد سے عبارت ہے، ہم کرکٹ کے گراؤنڈ سے سیاست میں نہیں آئے۔
Comments are closed on this story.