Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹی 20 ورلڈ کپ میں بڑا اپ سیٹ ، نمیبیا کے ہاتھوں سری لنکا کو شکست

ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 19ویں اوور میں 108 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی
شائع 16 اکتوبر 2022 12:43pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کرک انفو
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کرک انفو

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے افتتاحی میچ میں بڑا اپ سیٹ ہوا ہے، نمیبیا نے سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے دی۔

آسٹریلیا کے شہر گیلونگ میں کھیلے گئے کوالیفائنگ راؤنڈ کے افتتاحی میچ میں سری لنکا کے کپتان ڈاسن شاناکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کافیصلہ کیا۔

نمیبیا کی اننگز

نمیبیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔

ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹرز جان فرائلنک اور جے جے سمٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا،جان فرائلنک 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ جے جے سمٹ نے ناقابل شکست31 رنز کی اننگز کھیلی۔

سری لنکا کی جانب سے پرامود مدوشن نے 2 جبکہ مہیش ٹھیکشنا، دشمنتھا چمیرا،چمیکا کرونارتنے اور ونندو ہسارنگا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کی اننگز

164رنز کے ہدف کے تعاقب میں لنکن ٹائیگرز کا آغاز اچھا نہ رہا، سری لنکا کی پوری ٹیم محض 19ویں اوور میں 108 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے کپتان ڈاسن شاناکا نے 29 اور بھانوکا راجا پاکسے نے 20 رنز بنائے جبکہ کوشل مینڈس 12 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے جبکہ نسانکا 9 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔

نمیبیا کے ڈیوڈ ویزا، برنرڈ شالٹز، بین شکونگو اور جان فرائلنک نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جے جے سمٹ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دوسرے مقابلے میں یو اے ای اور نیدرلینڈز مدمقابل

آسٹریلیا کے شہر گیلونگ کے کارڈینیا پارک اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے مقابلے میں متحدہ عرب امارات اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں کوالیفائنگ میچز کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ کے لیے کُل 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پہلے مرحلے کے اختتام پر چار ٹیمیں مین راؤنڈ سپر 12 کے لیے کوالیفائی کریں گی، سپر 12 راؤنڈ کا آغاز 22 اکتوبر سے ہو گا۔

cricket

ICC

Australia

Sri Lanka

T20 World Cup

Namibia