Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

فلم ’جاوید اقبال کا سیکوئل بنانے کا اعلان

فلم کو 2023 میں ریلیز کیا جائے گا
شائع 15 اکتوبر 2022 11:37pm

پاکستان میں پابندی کی شکار اور تاحال ریلیز نہ ہونے والی فلم ’جاوید اقبال: دی ان ٹولڈ سٹوری‘ کا سیکوئل بنانے کا اعلان کردیا گیا۔

پہلی فلم کے مرکزی اداکار یاسر حسین نے انسٹاگرام پر سیکوئل فلم کا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے تصدیق کی کہ نئی فلم کو 2023 میں ریلیز کیا جائے گا۔

انہوں نے مختصر کیپشن میں لکھا کہ ان کی نئی فلم کا انتظار کیا جائے، جس میں شائقین پوری اور مکمل کہانی دیکھ سکیں گے۔

اسی حوالے سے ڈان امیجز کے مطابق پہلی فلم کے ہدایت کار ابو علیحہ نے بتایا کہ وہ سیکوئل فلم پاکستانی سینما کیلئے نہیں بلکہ کسی عالمی او ٹی ٹی پلیٹ فارم کیلئے بنا رہے ہیں، جس میں پرانی فلم کے مقابلے میں زیادہ تشدد اور بھیانک مناظر ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس بار وہ نہ تو پاکستانی سینما جائیں گے اور نہ ہی پاکستان کے فلم سینسر بورڈز جائیں گے، کیوں کہ وہ ان کی بلیک میلنگ سمجھ چکے ہیں۔

فلم ساز کے مطابق ان کے اور او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے درمیان سیکوئل فلم کے حوالے سے تمام معاملات طے پا چکے ہیں اور وہ اس ضمن میں مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کریں گے۔

انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ سیکوئل فلم میں بھی یاسر حسین مرکزی کردار ادا کریں گے۔

خیال رہے کہ ’جاوید اقبال: دی اَن ٹولڈ اسٹوری آف آ سیریل کلر‘ کو رواں برس جنوری میں پاکستان میں ریلیز کیا جانا تھا مگر اس کی نمائش سے دو دن قبل اس پر پابندی لگا دی گئی تھی۔

مذکورہ فلم پر ابتدائی طور پر پنجاب حکومت نے پابندی لگائی تھی، جس کے بعد فلم کی ٹیم نے اس کی نمائش موخر کردی تھی ۔

فلم کی کہانی لاہور کے بدنام سیریل کلر ’جاوید اقبال مغل‘ کے جرائم اور ان کے قانونی ٹرائل کے گرد گھومتی ہے۔ جاوید اقبال مغل’ 100 بچوں کے قتل اور ان کے ’ریپ‘کا مجرم تھا۔

Javed Iqbal