Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
10 Rajab 1446  

کیا آپ اردو میں مہارت رکھتے ہیں؟ تو یہ گیم آپ کیلئے ہے

اردو ہٍجّے پر مبنی ایک دلچسپ اور مزیدار اردو ورڈ گیم
شائع 15 اکتوبر 2022 08:02pm

حال ہی میں متعارف ہونے والے اردو ورڈ گیم ”ہجّے“کی پاکستان سمیت دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی مقبولیت کے سبب اس کے کھیلنے والوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

ہِجّے“ کا یوزر فرینڈلی ڈیزائن اور روزانہ چھ حروف کو جوڑ کر بیس الفاظ بنانے کا چیلنج اسے ایک دلچسپ تفریحی کھیل بناتا ہے، یہ کھیل مشرف علی فاروقی کی تخلیق ہے جسے انھوں نے اپنی تعلیمی ٹیکنالوجی کمپنی ’اسٹوری کٹ‘ کے ذریعے متعارف کروایا ہے۔

مشرف علی فاروقی کا آج ڈیجیٹل سے گفتگو میں میں انہوں نے بتایا کہ مجھے پہلی بار اس کھیل کو بنانے کا خیال سنہ 2014 میں آیا لیکن اس کی ابتدائی شکل پچھلے سال ہی مکمل ہو سکی جبکہ میں اس کھیل کو وسیع پیمانے پر متعارف کروانے کیلئے پہلے سے بھی زیادہ پر اُمید ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کھیل ہر اُس شخص کے لیے ہے جو اردو کے بنیادی الفاظ سے واقفیت رکھتا ہے اور جو لوگ اردو زبان میں اپنی مہارت آزمانا چاہتے ہیں، وہ شروع کے بیس لفظ بنانے کے بعد کھیل جاری رکھ کر مزید الفاظ بناسکتے ہیں، اس لیول پر الفاظ بنانے کا یہ کھیل اور بھی دلچسپ اور مشکل ہوجاتا ہے ۔

گیم میں دیے گئے چھ حروف سے بننے والے الفاظ کی مکمل فہرست کھیل کے اختتام پر دیکھی جا سکتی ہے جس میں کم از کم 3 حروف سے ایک لفظ بنانا ضروری ہے مثال کے طور پر دو حروف پر مبنی لفظ آپ ، کا ، کے ، کر وغیرہ آپ استعمال نہیں کرسکتے ۔

اس کھیل سے نئے لفظ سیکھنے کا موقع ملتا ہے کیونکہ روزانہ نیا کھیل ہر روز صبح پانچ بجے جاری کیا جاتا ہے یعنی روزانہ کی بنیاد پر نئے حرف کے ساتھ نئے الفاظ سیکھنے کا موقع ملتا ہے اس کے ساتھ ہی کھیل کے دوران اور کھیل ختم ہونے کے بعد، کھلاڑی بنائے گئے لفظوں پہ کلک کر کے ان کے معنی بھی دیکھ سکتے ہیں۔

مشرف علی فاروقی نے کہا کہ فی الحال ”ہجے“میں الفاظ کے معنی دیکھنے کے لیے اردو ڈکشنری بورڈ کی آن لائن لغت کا استعمال کیا جا رہا ہے، مگر ان کی ٹیم ایک ایسی لغت تیار کر رہی ہے جو گیم کا حصہ ہو گی اور جس کے ذریعے معنی گیم اسکرین پر ہی دیکھے جا سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں کھیلنے والے گیم میں بہت سی اصلاحات دیکھیں گے،ہم بچوں کے لیے ایک تعلیمی ورژن بھی متعارف کرائیں گے جس میں ان کے تعلیمی درجے کے مطابق الفاظ شامل ہوں گے۔

اس گیم میں مزید فیچرز کا بھی اضافہ کیا جائے گا، اردو زبان میں نئے الفاظ گھڑنے اور انھیں اپنے اندر سمونے کی ایک غیر معمولی صلاحیت ہے جسے میں اس گیم کے ذریعے متعارف کروانا چاہتا ہوں۔

مشرف علی فاروقی مزید بتایا کہ اگلے مرحلے میں ان کی توجہ تعلیمی اداروں پر ہوگی، جہاں طالب علموں کو ذخیرۂ الفاظ میں اضافہ کرنے اور اردو سے دلچسپی پیدا کرنے میں یہ کھیل ایک اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

اس گیم کو ابھی صرف ویب پر جاری کیا جسے https://hijjay.com/ پر کھیلا جاسکتا ہے تاہم آئندہ دنوں میں اس گیم کو موبائل اپیلیکیشن کے طور پر بھی پیش کیا جائے گا۔

Word Game