Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاک امریکہ تعلقات کیلئے خالص اور پائیدار کوششیں ناگریز ہیں، وزیراعظم

غیر ضروری بیانات سے گریز کیا جائے، شہبازشریف کا ردعمل
اپ ڈیٹ 15 اکتوبر 2022 07:56pm
وزیراعظم شہباز شریف۔ فوٹو — فائل
وزیراعظم شہباز شریف۔ فوٹو — فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جو بائیڈن سے منسوب بیان کو حقائق کے برعکس اور گمراہ کُن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ دہائیاں ثبوت ہیں کہ پاکستان انتہائی ذمہ دار جوہری ریاست ہے، ہمارا جوہری پروگرام موثر تکنیکی اور فول پروف کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے زیر انتظام ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کی صلاحیت سے متعلق پاکستان نے ہمیشہ نہایت ذمہ دارانہ کردار کا مظاہرہ کیا ہے، پاکستان نے عدم پھیلاؤ، سلامتی وتحفظ پر عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی۔اے۔ای۔اے) سمیت عالمی معیارات کے اپنے پختہ عہد کو پورا کیا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ امن کو اصل خطرہ عالمی مروجہ اقدار کو پامال کرنے والی بعض ریاستوں، انتہا پسند قومیت، غیر قانونی قبضوں کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دنیا کے امن کو اصل خطرہ سرفہرست جوہری ممالک کے درمیان اسلحہ کی دوڑ، ایسے ممالک جہاں جوہری سلامتی سے متعلق بار بار حادثات ہوئے اور سلامتی کے ان اتحادوں سے ہے جن کی تشکیل سے علاقائی توازن متاثر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دوستی اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا جب بڑے بڑے مسائل اور مشکلات سے دوچار ہے، ایسے میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کی حقیقی صلاحیت کو پہچاننے کے لئے خالص اور پائیدار کوششیں نہایت ناگزیر ہیں، لہٰذا اس مقصد کے لئے غیر ضروری بیانات سے پرہیز کیا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لئے امریکا کے ساتھ تعاون کی پر خلوص خواہش بھی رکھتے ہیں۔

Shehbaz Sharif

Joe Biden

Pakistan-United States

Pakistan nuclear weapons