Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

یوکرین کی نیٹو میں شمولیت پر تیسری جنگ عظیم کی دھمکی

کیف اچھی طرح جانتا ہے اس طرح کے قدم کا مطلب جنگ عظیم سوم کے خدشے میں اضافے کا اشارہ ہو گا، روس
شائع 13 اکتوبر 2022 04:20pm
تصویر بزریعہ نیٹو
تصویر بزریعہ نیٹو

روسی سلامتی کونسل کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ اگر یوکرین امریکی قیادت میں نیٹو کے فوجی اتحاد میں شامل ہوتا ہے تو روس یوکرین تنازعہ تیسری جنگ عظیم میں بدل سکتا ہے۔

تیس ستمبر کو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے یوکرین کے 18 فیصد تک حصے کے الحاق کا باضابطہ اعلان کرنے کے چند گھنٹے بعد، یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے نیٹو کی فاسٹ ٹریک رکنیت حاصل کرنے کا ایک حیرت انگیز اعلان کیا۔

یوکرین کے لیے نیٹو کی مکمل رکنیت دور کی بات ہے کیونکہ اتحاد کے تمام 30 ارکان کو اپنی رضامندی دینا ہوگی۔

روسی خبر رساں ایجنسی TASS نے روس کی سلامتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری الیگزینڈر وینیڈیکٹوف کے حوالے سے کہا کہ ”کیف اچھی طرح جانتا ہے اس طرح کے قدم کا مطلب جنگ عظیم سوم کے خدشے میں اضافے کا اشارہ ہو گا۔“

سلامتی کونسل کے سیکرٹری نکولائی پیٹروشیف کے نائب وینڈیکٹوف نے کہا کہ انہیں لگتا ہے یوکرین کی درخواست پروپیگنڈا ہے کیونکہ مغرب نیٹو میں یوکرین کی رکنیت کے نتائج کو سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ”اس طرح کے اقدام کی خودکشی کی نوعیت خود نیٹو کے ارکان بھی سمجھ رہے ہیں۔“

پیوٹن نے 21 ستمبر کو مغرب کو خبردار کیا تھا کہ وہ روس کے دفاع کے لیے جوہری ہتھیار استعمال کرنے کے لیے تیار ہوں گے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ دنیا کو 1962 کیوبا کے میزائل بحران کے بعد جوہری آرمیگاڈن کے سب سے بڑے خطرے کا سامنا ہے۔

نیٹو اگلے ہفتے ”اسٹیڈفاسٹ نون“ کے نام سے ایک سالانہ جوہری تیاری کی مشق منعقد کرنے والا ہے۔ روس اور امریکا اب تک کی سب سے بڑی ایٹمی طاقتیں ہیں جو دنیا کے تقریباً 90 فیصد ایٹمی وار ہیڈز کو کنٹرول کرتے ہیں۔

russia

Ukraine

NATO

WW3