گوجرنوالہ میں 4 خطرناک ڈاکو ہلاک
گوجرانوالہ کے علاقے کامونکی کے تھانہ صدر اور ایمن آباد میں پولیس مقابلے میں خوف کی علامت چار خطرناک اوڈھ ڈاکو مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کو پولیس برآمدگی کے لئے لے کر جارہی تھی موٹرسائیکل سوار ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔
تھانہ صدر کامونکی پولیس گھر میں دوران ڈکیتی نوجوان کو قتل کرنے والے چار خطر ناک ڈاکوؤں افتخار، عارف، ذوالفقار اور ریاض اوڈھ کو برآمدگی کے لے کر جارہی تھی کہ گاؤں کے قریب ڈاکوؤں کو چھڑانے کے لئے موٹرسائیکلوں پر سوار ان کے ساتھیوں نے پولیس وین پر فائرنگ کرکے چاروں ڈاکوؤں کو چھڑا لیا۔
واقعے کے بعد پورے سرکل کامونکی کی ناکہ بندی کردی گئی اور فائرنگ کے دوران دو ڈاکو تھانہ صدر کے علاقہ دراجکے اور دو ڈاکو تھانہ ایمن آباد کے علاقہ پورن پور پلی دیوان روڈ پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
ایس ڈی پی او ہاشم گجر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو پنجاب کے مختلف اضلاع میں درجنوں وارداتوں مِیں مطلوب تھے جبکہ دوسری طرف خطرناک ڈاکوؤں کو انجام تک پہنچانے کے لئے اہل علاقہ نے پولیس کو خراج تحسین پیش کیا اور سکھ کا سانس لیا ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ڈاکو پہلے سے پولیس کی تحویل میں تھے اور جعلی مقابلے میں مارے گئے۔
Comments are closed on this story.