Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی سمیت سندھ، پنجاب، بلوچستان میں بجلی کا بریک ڈاؤن

متعدد علاقے بجلی سے محروم
گدو پاور اسٹیشن۔ تصویر: آج نیوز
گدو پاور اسٹیشن۔ تصویر: آج نیوز

کراچی سمیت سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی ہے۔ صبح سے شروع ہونے والا بریک ڈاؤن دوپہر کے بعد بھی جاری ہے۔ جبکہ این ٹی ڈی سی حکام تاحال خرابی ڈھونڈنے میں مصروف ہیں۔

پاور ڈویژن کے ایک اعلامیے کے مطابق پاکستان کا جنوبی حصہ اس بریک ڈاؤن سے متاثر ہوا ہے۔

جمعرات کی صبح 10 بجے کے بعد پہلے کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کے بریک ڈاون کی اطلاعات آئیں جس کے بعد معلوم ہوا کو سندھ اور پنجاب کے کئی شہر بجلی سے محروم ہو چکے ہیں۔

جہاں کراچی میں بجلی بندش دس بجے ہوئی وہاں سندھ کے کئی شہروں میں صبح 6 بجے سے بجلی بند ہے۔ بعض علاقوں میں بریک ڈاؤن 8 بجے شروع ہوا۔

مزید پڑھیں: بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن: واٹربورڈ کے تمام پمپنگ اسٹیشن بند

بجلی کے بریک ڈاون کی وجہ سے کراچی کو دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے پانی فراہمی بند ہوگئی ہے۔ شہرکو23 پمپس کے ذریعہ 540 ملین گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے۔

وزارتِ توانائی کا کہنا ہے کہ پیدا ہونے والی خرابی کی وجہ کی تفتیش کی جارہی ہے اور بجلی جلد بحال کرلی جائے گی۔

کراچی میں ملیر، سرجانی، صدر،ایئرپورٹ، دیگرعلاقوں میں 10 بجے کے بعد سے بجلی غائب ہے۔

گلشن معمار،فیڈرل بی ایریا،لیاقت آباد،سپرہائی وےمیں بھی بجلی بند ہے جبکہ نارتھ کراچی،نارتھ ناظم آباد،اورنگی،بلدیہ بھی بجلی سےمحروم ہوچکے ہیں۔

اس کے علاوہ سائٹ انڈسٹریل ایریا سمیت متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہے۔

کراچی میں گرمی کے دوران بجلی کے تعطل نے شہریوں کو سخت پریشانی سے دوچار کر دیا۔

اندرون سندھ اور پنجاب میں بریک ڈاون

سندھ اورپنجاب کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوچکی ہے، جن میں جیکب آباد،شکارپور،سبی، دادو، گھوٹکی شامل ہیں۔

پنجاب میں کے مختلف شہر راجن پور، رحیم یارخان، وہاڑی،خانیوال میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

بلوجستان بھی بجلی سے محروم

کوئٹہ میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے اوچ پاور سے بجلی کی سپلائی بند ہوگئی ہے جبکہ شہر میں صبح 9:32 بجلی بند ہونے سے گریڈ اسٹیشن 132 کے، ڈیرہ مراد جمالی، روجھان جمالی، اوستہ محمد، جھل مگسی اور صحبت پور کے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔

خرابی کہاں سے ہوئی

ذرائع کے مطابق کشمور میں گدو تھرمل پاوراسٹیشن سسٹم سے تکنیکی خرابی کے باعث جلی کی پیداوار بند ہو گئی ہے۔

نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کا کہنا ہے کہ ملک بھرمیں500 کےوی کا نظام بیٹھ گیا، بجلی تعطل کی وجوہات کا تعین کیا جارہا ہے۔

پاور ڈویژن نے جمعرات کی دوپہر جاری ایک اعلامیے میں کہاکہ ”ملک کے جنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں حادثاتی خرابی کے باعث متعدد جنوبی پاور پلانٹس مرحلہ وار ٹرِپ ہو رہے ہیں جس سے مُلک کے جنوبی حصے میں بجلی کی ترسیل میں رکاوٹ آ رہی ہے۔وزارتِ توانائی پوری تندہی سے خرابی کی وجہ کی تفتیش کر رہی ہے اور جلد از جلد بجلی کے نظام کو مکمل بحال کر لیاجائے گا۔“

بیان میں کہا گیا کہ ملک کے جنوبی سسٹم میں حادثاتی خرابی کے باعث 220kVگدو۔اُچ، 220kVدادو خضدار اور 220kVڈی جی۔لورلائی سے بھی بجلی کی فراہمی متاثر،صوبہ بلوچستان کے تمام گرڈ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی ہے۔

پاورڈویژن نے کہاکہ این ٹی ڈی سی کا عملہ ملکی سطح پربجلی بحالی کے لیئے کو شاں ہے۔

ادھر ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ شہرکے مختلف علاقوں میں بجلی بند ہونے کی اطلاعات ہیں اوراس مسئلے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

اس سے قبل بعض اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ کراچی کو بجلی کی فراہمی کے الیکٹرک کی ایکسٹراہائی ہائی ٹینشن لائن میں خرابی سے متاثر ہوئی ہے۔

karachi

K-Electric

Break Down