Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ہلاکتیں 18 ہوگئیں، ’کچھ مسافر سامان لینے دوبارہ جلتی بس میں گئے‘

بس میں سوار تمام افراد سیلاب متاثرین تھے
اپ ڈیٹ 13 اکتوبر 2022 08:45pm
Breaking | Passenger coach caught fire on the motorway near Nooriabad | Aaj News

نوری آباد کے قریب ایم نائن موٹر وے پر مسافر کوچ میں آگ لگنے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 18 ہوگئی ہے جبکہ متعدد زخمی ہیں۔

افسوسناک واقعہ بس کے ایئرکنڈیشنگ سسٹم میں شارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔

بس میں آگ لگنے کا واقعہ نوری آباد تھانے کے قریب پیش آیا، مسافر کوچ کراچی سے دادو جارہی تھی جس میں سوار تمام افراد سیلاب متاثرین تھے جن کا تعلق دادو کے شہر خیرپور ناتھن شاہ سے ہے۔

 حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی فہرست
حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی فہرست

تمام افراد مغیری برادری سے تعلق رکھتے تھے۔ بس میں لگی آگ پر چند گھنٹے بعد قابو پا لیا گیا جب کہ واقعے میں جاں بحق اور زخمی افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

سندھ کے پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت قاسم سومرو اور ڈی سی جامشورو کے مطابق واقعے میں 12 بچوں سمیت 16 افراد جاں بحق ہوئے۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بس سے خوفناک شعلے بلند ہو رہے ہیں جبکہ موٹر وے کے ایک ٹریک پر ٹریفک رکی ہوئی ہے۔

ڈی سی کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں 12بچے، تین خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔

بعد ازاں ریسیکیو حکام نے بتایا کہ مزید دو زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد 18 ہو گئی ہے۔

سامان لینے دوبارہ بس میں چڑھے

موٹروے پولیس نے ایک بیان میں کہاکہ بس میں آگ لگنے کے بعد پولیس نےموقع پر پہنچ کر مسافروں اتارلیا تھا تاہم کچھ مسافرسامان لینے دوبارہ بس میں چڑھےاورجھلس گئے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ کوچ میں سوارافرادمیں52مسافراور3عملےکےافراد تھے۔

سیکٹر کمانڈر موٹروے پولیس نے کہاکہ لاشیں آبائی علاقے پہنچنے تک موٹروے پولیس نگرانی کرے گی۔

لاشیں لے کر آنے والی ایمبولینسیں ایدھی سردخانے کے باہر کھڑی ہیں۔ فوٹو آج
لاشیں لے کر آنے والی ایمبولینسیں ایدھی سردخانے کے باہر کھڑی ہیں۔ فوٹو آج

وزیراعلیٰ کا نوٹس

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مسافر کوچ میں آگ لگنے کے واقعے پر نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی اور ایس پر جامشورو کو متاثرین کی مدد کرنے کی ہدایت کردی۔

مراد علی شاہ نے انتظامیہ کو جائے وقوعہ پر ایمبولینس بھیجنے اور زخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ بس کوآگ لگنےکے واقعہ میں جانوں کےضیاع پروہ شدید دکھی ہیں۔

ایک ٹوئیٹ میں انہوں نے کہا کہ اللہ سے دعا ہے حادثے میں وفات پانیوالوں کو جوار رحمت عطا کرے اور غمزدہ خاندانوں کوصبروجمیل عطا کرے۔

واقعے کا مقدمہ درج

دوسری جانب نوری آباد میں مسافر کوچ میں آتشزدگی کے معاملے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

واقعے کا مقدمہ موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر کی مدعیت میں درج کیا گیا ، جس میں کوچ کے مالک اور ڈرائیور عمران شیخ کو نامزد کردیا گیا ہے۔

مقدمے میں غفلت ، لاپرواہی اور لوگوں کے جھلس کر جاں بحق ہونے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

جاں بحق ہونے والے افراد کی تدفین کردی گئی

نوری آباد موٹر وے کوچ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 18 افراد کی اپنے آبائی گاؤں دوست محمد برگڑی میں تدفین کردی گئی۔

CM Sindh

fire

bus

jamshoro

nooriabad