کریڈٹ کارڈ کا استعمال ڈیبٹ کارڈ کے مقابلے نقصان دہ کیوں؟
انٹرنیٹ کی وجہ ادائیگی کے بے شمار نئے طریقوں کا آغاز ہوا ہے، جن کی فہرست طویل ہے۔ پے پال، وینمو، کیش ایپ، زیلے، گوگل پے، ایپل پے، ایزی پیسہ، جیز کیش اور کئی ان میں شامل ہیں۔
لیکن آج بھی کریڈٹ کارڈز ادائیگی کا مقبول ترین طریقہ تصور کئے جاتے ہیں۔ اس کی وجہ بھی ہے، کریڈٹ کارڈز بڑی خریداریوں کے لیے آسان فنانسنگ فراہم کرتے ہیں، تقریباً ہر جگہ ادائیگیوں کو آسان بناتے ہیں اور آپ کے اخراجات پر انعامات بھی دیتے ہیں۔
تاہم، کریڈٹ کارڈز کی سہولت اور خصوصیات چند خطرات کے ساتھ آتی ہیں، جن میں سب سے اوپر کیریڈ بیلنس پر فنانس چارجز ہیں۔ کریڈٹ کارڈ پر سود ظالمانہ ہوسکتا ہے، لیکن اس سے بھی بڑا خطرہ زیادہ خرچ کرنے کا ہوسکتا ہے۔
متعدد مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ کریڈٹ کارڈ صارفین کے اخراجات میں اضافہ کرتے ہیں۔ اگر آپ اخراجات کو کم کرنے کا طریقہ تلاش کر رہے ہیں، تو ضروری ہے کہ آپ جانیں کریڈٹ کارڈ کا استعمال روکنے سے کیوں مدد مل سکتی ہے۔
میں اپنے کریڈٹ کارڈ کو کم استعمال کرنے پر کیوں غور کروں؟
جب آپ ڈیبٹ کارڈ استعمال کرتے ہیں تو آپ وہ پیسے استعمال کر رہے ہوتے ہیں جو آپ کے پاس پہلے سے موجود ہے، آپ اپنی چادر کے اندر رہتے ہیں۔ لیکن، جب آپ کریڈٹ کارڈ استعمال کرتے ہیں تو آپ حقیقت میں اپنا پیسہ خرچ نہیں کر رہے ہوتے، آپ اپنی خریداری کے لیے کسی اور سے قرض لے رہے ہوتے ہیں۔
جب آپ اپنے اکاؤنٹ میں موجود رقم (یا آپ کے پری پیڈ ڈیبٹ کارڈ سے) خرچ کرتے ہیں تو بینک میں آپ کے پاس موجود رقم فوری طور پر کم ہوجاتی ہے، یہ ایک نفسیاتی عنصر ہے جو آپ کی استطاعت سے زیادہ خریدنے کی خواہش کا مقابلہ کرسکتا ہے۔
کریڈٹ کارڈ کے ذریعے خریداری کی اصل ادائیگی میں تاخیر ہوتی ہے اور اس ادائیگی کو بار بار ملتوی کیا جا سکتا ہے۔
تاخیری ادائیگی سے خریداری کا یہ عنصر نفسیاتی طور پر زیادہ رقم خرچ کرنا آسان بنا سکتا ہے جو اخراجات اور گھریلو قرضوں میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔
میساچیوسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) کے محققین کی طرف سے کیا جانے والا دماغی مطالعہ اس خیال کی حمایت کرتا ہے کہ کریڈٹ کارڈ اخراجات میں تیزی کا باعث بنتے ہیں۔
سائنس دانوں نے پایا کہ کریڈٹ کارڈ سے خرچہ کرنا دماغ کے ایک حصے کو متحرک کرتا ہے جسے ”اسٹرائٹم“ کہتے ہیں، یہ انعام کے ادراک اور منشیات کی لت سے منسلک ہے۔
تحقیق میں پایا گیا کہ ڈیبٹ کارڈز یا نقدی کے ساتھ کی گئی اسی طرح کی خریداریوں کا اسٹرائٹم پر ایک جیسا اثر نہیں ہوا۔
کریڈٹ کارڈ کی خریداری ڈیبٹ کارڈ کے مقابلے غیر شفاف
جب آپ ڈیبٹ کارڈ استعمال کرتے ہیں تو آپ کی خریداری آپ کے بینک اکاؤنٹ کی سرگرمی میں جلد ہی ظاہر ہو جائے گی، اور آپ کے اکاؤنٹ کا بیلنس کم ہو جائے گا۔
آپ کے آن لائن بینک اکاؤنٹ کے صفحہ پر ہر ڈیبٹ کارڈ کی خریداری آپ کے تمام دیگر وڈرال اور ڈیپازٹ تفصیلات کے ساتھ درج ہوگی، بشمول آپ کے لکھے ہوئے چیک، زیل ٹرانسفر، براہ راست ڈیپازٹ اور الیکٹرانک بل کی ادائیگی۔
اور پھر آتی ہے آپ کے کریڈٹ کارڈ کی ادائیگی کی ایک ماہانہ رقم۔ ہر کریڈٹ کارڈ کا استعمال آپ کے کریڈٹ کارڈ اکاؤنٹ میں درج ہوتا ہے، لیکن ان میں ایک اسٹیپ غائب ہے جو بتاتا ہے کہ کہاں سے آپ اصل ادائیگیاں کر رہے ہیں اور آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔
2008 کے ایک مطالعہ میں محققین پریا رگھوبیر اور جوئے دیپ سریواستو نے پایا کہ صارفین جب مختلف اشیاء کے گروپ کی کل رقم کے بجائے، خریدی گئی ہر ایک چیز پر غور کرتے ہیں تو وہ کم خرچ کرتے ہیں۔
کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ سے بہتر کب ہوتا ہے؟
کریڈٹ کارڈ ممکنہ طور پر آپ کا بہترین آپشن اس وقت ہوتا ہے جب آپ کے پاس خریداری کے لیے فنڈز دستیاب نہ ہوں۔ اگر آپ کو فوری پیسوں کی ضرورت ہو اور آپ قرض جلد ہی واپس کر سکتے ہیں تو کریڈٹ کارڈ بہترین آپشن ہے۔
اگر آپ اپنے اخراجات پر انعامات چاہتے ہیں تو کریڈٹ کارڈ استعمال کریں۔ ریوارڈ (انعامات) والے کریڈٹ کارڈز کے لیے بہت سارے آپشنز موجود ہیں جو سفر، ریستوراں اور ایندھن جیسے اخراجات کے زمرے پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔ اگر آپ اپنے اخراجات اور بجٹ کے حوالے سے نظم و ضبط رکھتے ہیں، تو ریوارڈ کارڈ اہم منافع اور فوائد فراہم کر سکتے ہیں۔
اگر آپ کریڈٹ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں تو آپ کبھی کبھار خریداریوں کے لیے کریڈٹ کارڈ بھی استعمال کرنا چاہیں گے۔
کریڈٹ کارڈ کا قرض وقت پر واپس کرنا ایک اچھا کریڈٹ سکور قائم کرنے کے آسان ترین طریقوں میں سے ایک ہے۔
آخر میں اگر آپ بڑی خریداری کر رہے ہیں یا کسی نامعلوم فروخت کنندہ سے کچھ خرید رہے ہیں تو کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ سے زیادہ خریداری کے تحفظات فراہم کرے گا۔
کریڈٹ کارڈز اکثر ایک سال یا اس سے زیادہ کے لیے وارنٹی بڑھاتے ہیں اور اس میں دھوکہ دہی کے خلاف بہتر تحفظات شامل ہوتے ہیں۔
اگرچہ کریڈٹ کارڈز بہت سارے فوائد فراہم کرتے ہیں، لیکن ان سے وابستہ زیادہ خرچ کرنے کے خطرات کو سمجھنے سے آپ کو یہ فیصلہ کرنے میں مدد ملے گی کہ اسے اپنے بٹوے میں کب چھوڑنا ہے۔
آپ اپنے کریڈٹ کارڈز کے استعمال کو کم کرکے اخراجات میں کمی کرتے ہیں یا نہیں اس کا انحصار آپ کے ذاتی رویے، نفسیات اور مالی صورتحال جیسے بہت سے عوامل پر ہوگا۔
Comments are closed on this story.