Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہو گی، شیری رحمان

سیلاب سے تین کروڑ 30 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں، دو کروڑ سے زائد افراد کو ضروریات زندگی کی ضرورت ہے.
شائع 10 اکتوبر 2022 07:28pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ملک کو تاریخ کے تباہ کن سیلاب کا سامنا ہے، ہمیں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر متاثرین کی مدد کرنا ہو گی۔

پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ سیلاب سے تین کروڑ 30 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں، دو کروڑ سے زائد افراد کو ضروریات زندگی کی ضرورت ہے، ان لوگوں کو مشکلات اور بدحالی کا سامنا ہے، بلوچستان میں پانی خشک ہونے کے باوجود مشکلات برقرار ہیں، ایک تہائی پاکستان زیر آب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کے نقصانات کا تخمینہ 40 ارب ڈالر ہے، حالانکہ نقصانات اس سے کہیں زیادہ ہیں، 13 ہزار کلومیٹر سڑکیں تباہ ہوئی ہیں، سینکڑوں پل تباہ ہوئے ہیں، سندھ کا بڑا حصہ زیر آب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلابی پانی کے باعث ملیریا، ڈینگی سمیت پانی سے پیدا ہونے والی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ ملک میں سیلاب کے باعث خوفناک مناظر دیکھنے کو ملے ہیں، لوگوں کو ہماری مدد کی ضرورت ہے، سب کو اس معاملے پر اجتماعیت اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

شیری رحمان نے کہا کہ یوکرین جنگ کے باعث توانائی اور خوراک کا عالمی سطح پر بحران ہے، پاکستان کو ایسی صورتحال میں تشویشناک حالات کا سامنا ہے، ہمیں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر متاثرین کی مدد کرنا ہو گی، اپوزیشن کو سیاسی محاذ آرائی سے گریز کرنا چاہیے، ان کو جلسوں کے لئے لوگ نہیں مل رہے، یہ لوگوں سے لانگ مارچ کے لئے حلف لے رہے ہیں، یہ لوگوں کی لاشوں پر سیاست کر رہے ہیں، ان کو شرم آنی چاہیے، فسطائیت کا بدترین مظاہرہ کر رہے ہیں۔

Sherry Rehman

Pakistan Floods