Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
17 Jumada Al-Akhirah 1446  

کیا واقعی موت سے پہلے پوری زندگی آنکھوں کے سامنے گھومتی ہے؟

موت سے چند لمحے قبل انسان کیا دیکھتا ہے؟
شائع 10 اکتوبر 2022 03:37pm
تصویر بزریعہ شٹر اسٹاک
تصویر بزریعہ شٹر اسٹاک

اکثر ہم نے سُنا ہے کہ قریب المرگ انسان کی آنکھوں کے سامنے اس کی پوری زندگی ایک فلم کی طرح چلتی ہے، لیکن اس میں کتنی حقیقت ہے اور سائنس اس بارے میں کیا کہتی ہے؟

سائنس دانوں کی جانب سے کی جانے والی ایک نئی تحقیق میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ موت کے تجربے سے گزرتے ہوئے انسان کی زندگی واقعی اس کی آنکھوں کے سامنے گھوم سکتی ہے۔

اس حوالے سے ایک نظرثانی شدہ مطالعہ فروری میں ”فرنٹیئرز ان ایجنگ نیورو سائنسز“ میں شائع ہوا تھا۔

یہ مطالعہ بنیادی طور پر ایک 87 سالہ شخص پر مرکوز تھا جو دل کے دورے سے گزر رہا تھا۔ اس دوران محققین کو شواہد ملے کہ دماغ موت کے عمل کے دوران مربوط سرگرمی پیدا کرنے کے قابل ہوتا ہے۔

لوئس ول یونیورسٹی کے نیورو سرجن اور محققین میں سے ایک ڈاکٹر اجمل زیمر نے بلومبرگ کو بتایا کہ محققین نے مریض کے الیکٹرو اینسفیلوگرافی (ای ای جی) اسکین کیے اور اس دوران دماغ میں گاما کی سرگرمیوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ دیکھا۔ جو الفا، بیٹا، ڈیلٹا اور تھیٹا کی گردش کے علاوہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ دماغ اہم چیزوں کو یاد رکھنے کی کوشش کر رہا ہے، جیسے کہ موت سے پہلے کی زندگی کے واقعات۔

زیمر نے کہا، ”یادداشت کی بازیافت میں شامل حرکات پیدا کرنے کے ذریعے دماغ ہماری موت سے عین قبل زندگی کے اہم واقعات آخری بار دہراتا ہے۔“

ڈاکٹر اجمل زیمر نے کہا، ”اگرچہ ہمارے پیاروں کی آنکھیں بند ہوتی ہیں اور وہ ہمیں چھوڑنے کے لیے تیار ہوتے ہیں، لیکن ان کے دماغ شاید ان کی زندگی کے کچھ بہترین لمحات کو دوبارہ چلا رہے ہوتے ہیں۔“

کیا قریب المرگ دماغی سرگرمی جانوروں میں ہوسکتی ہے؟

اگرچہ یہ تجربہ اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ تھا جس میں کسی انسان کے مرنے کے دوران دماغی سرگرمی کی پیمائش کی گئی تھی، لیکن چوہوں میں گاما کی سرگرمی میں اسی طرح کی تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ موت کے قریب ہونے کا تجربہ ایک نسلی حیاتیاتی ردعمل ہو سکتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ نتائج صرف ایک کیس پر مبنی تھے اور اس میں دوروں اور سوجن میں مبتلا مریض کے دماغ سے ڈیٹا استعمال کیا گیا تھا۔

زیمر نے کہا کہ وہ مستقبل میں مزید کیسز کی تحقیقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

weird

Near Death Experience

Life flash before eyes