کوئلے جیسا خزانہ استعمال نہ کرنا بڑی غلطی ہوگی، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کوئلے جیسا خزانہ استعمال نہ کرنا بڑی غلطی ہوگی، کوئلے کی ٹرانسپورٹ کے لئے ریلوے ٹریک بنایا جارہا ہے۔
وزیراعظم نے تھر انرجی لمیٹڈ بلاک ٹو اور تھرکول مائنز فیز ٹو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحرائے تھر تیزی سے ترقی کررہا ہے، آئندہ سال تک تھر کے کوئلے سے ملکی معیشت میں غیر معمولی اضافہ ہوگا، کوئلے کی قیمت کم ہوگی تو بجلی کی قیمت بھی کم ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ تھرکی ترقی کا آغاز 1997 میں شہید بے نظیر بھٹو نے کیا، مشکلات کے باوجود تھر میں پاورپلانٹ لگایا گیا، سب کی توجہ کے باعث آج تھر اپنی مثال آپ ہے، منصوبے کے افتتاح پر پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تھر میں کوئلہ استعمال کرنے والے پلانٹ ہونے چاہئیں، کوئلے سے سستی بجلی بنائی جاسکتی ہے، تھر کول منصوبے سے لوگوں کو روز گار مل رہا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کوئلے سے 4 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، ملک میں 175 بلین ٹن کوئلہ موجود ہے، تھرکول منصوبے سے 10 روپے فی یونٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، تھر کا ریگستان تیزی سے ترقی کررہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ گیس کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، کوئلے جیسا خزانہ استعمال نہ کرنا بڑی غلطی ہوگی، کوئلے کی ٹرانسپورٹ کے لئے ریلوے ٹریک بنایا جارہا ہے۔
Comments are closed on this story.