Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کامران ٹیسوری کون ہیں؟ ان کے سیاسی منظرنامہ پر ایک نظر

ستمبر میں کامران ٹیسوری کی دھماکے دار انٹری ہوئی اور اب گورنرسندھ نامزد
شائع 10 اکتوبر 2022 12:29pm
تصویر: فائل
تصویر: فائل

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کامران ٹیسوری کو صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی کی جانب سے گورنرسندھ نامزد گیا ہے۔

کامران ٹیسوری اور ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت کے درمیان اختلافات آئے تھے لیکن ان کی اچانک سیاست میں انٹری سے بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

کامران ٹیسوری نے سیاسی کیریئر سال 2010 میں شروع کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کا انتخاب کیا جس کے بعد پی ایم ایل (فنکشنل) کے سربراہ مرحوم پیر صاحب پگارو کے زیر سایہ عملی سیاست میں قدم رکھا۔

کامران ٹیسوری کون سے کاروبار سے منسلک ہیں؟

سیاست میں آنے سے پہلے کامران ٹیسوری سونے کے تاجر کے طور پر مشہور ہوئے، جبکہ کراچی کے علاقے صدر میں ”ٹیسوری جیولرز“ کے نام سے مشہور دکان ٹیسوری فیملی کی ہی ملکیت ہے اور سونے کے کام کے ساتھ ساتھ وہ شہر میں کنسٹرکشن کا کام بھی دیکھتے ہیں۔

حال ہی میں سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد گلشن اقبال 13 ڈی میں زیر تعمیر پروجیکٹ تجوری ہائٹس کو مسمار کیا گیا، اس پروجیکٹ میں کامران ٹیسوری بھی ایک پارٹنر تھے۔ اعلی عدلیہ کے احکامات کے مطابق مذکورہ پروجیکٹ تجوری ہائٹس پاکستان ریلوے کی زمین پر غیر قانونی طور پر تعمیر کیا جا رہا تھا۔

کامران ٹیسوری کی ایم کیو ایم میں انٹری

22 اگست کے واقعہ کے بعد 2016 میں ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کامران ٹیسوری کی پارٹی میں انٹری کروائی اور 2016 میں کامران ٹیسوری کی ایم کیو ایم میں انٹری کے ساتھ ہی ان کو رابطہ کمیٹی میں شامل کر لیا گیا تھا۔

کامران ٹیسوری کی ایم کیو ایم پاکستان میں انٹری کے بعد پارٹی کارکنان کی جانب سے شدید رد عمل بھی سامنے آیا تھا اور اس فیصلے کو پارٹی کے سینئر رہنماؤں کا فیصلہ قرار دے کر کارکنان کی رائے کو اہمیت نہ دی گئی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے پلیٹ فارم سے سیاست کا آغاز

2017 میں محمود آباد کی صوبائی اسمبلی کی سیٹ پرایم کیو ایم نے کامران ٹیسوری کو پی پی پی کے رہنما سعید غنی کے مقابلے میں ضمنی الیکشن لڑوایا، جو 22 اگست کے بعد یہ پہلا ضمنی الیکشن تھا جس میں ایم کیو ایم کو شکست ہوئی تھی۔ اس کے بعد 2018 میں سینیٹ الیکشن میں ڈاکٹر فاروق ستار بضد تھے کہ اب کامران ٹیسوری کو سینیٹ کا ٹکٹ دیا جائے۔

ایم کیو ایم اور کامران ٹیسوری میں اختلافات

فاروق ستار اور ایم کیو ایم کی دیگر قیادت کا کامران ٹیسوری کے معاملے پر اختلاف سامنے آیا اور یہ اختلاف اتنا بڑھا کے فاروق ستار نے کامران ٹیسوری کو پارٹی کے دیگر رہنماؤں پر اہمیت دے کر پارٹی سے علیحدہ ہو گئے۔ ایم کیو ایم پاکستان سے راہیں جدا کرنے کے بعد کامران ٹیسوری تقریبا ایک سال سے زائد فاروق ستار کے ساتھ رہے اور پھر سیاسی منظرنامہ سے غائب ہو گئے۔

سیاست میں اچانک انٹری

حال ہی میں ستمبر میں ایم کیو ایم پاکستان میں کامران ٹیسوری کی دھماکے دار انٹری ہوئی اور پارٹی قیادت نے کامران ٹیسوری کو ان کی دوبارہ پارٹی میں شمولیت پر سیدھا رابطہ کمیٹی کا ڈپٹی کنوینئر کا عہدہ دیا۔ آج ایم کیو ایم پاکستان کے پلیٹ فارم سے کامران ٹیسوری کو گورنر سندھ مقرر کر دیا گیا۔

گورنر سندھ کے امیداوارکون تھے؟

ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے گورنر سندھ کے لئے رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر عبدالوسیم اور کامران ٹیسوری کا نام دیا تھا اور صدر پاکستان عارف علوی نے کامران ٹیسوری کے نام کی بطور سندھ گورنر منظوری دی ہے۔

Governor Sindh

MQM Pakistan

President of Pakistan

kamran tessori

Politics Oct 10 2022