سوات میں اسکول وین پر فائرنگ، ڈرائیور جاں بحق
سوات کے علاقہ گلی باغ میں نامعلوم افراد کی اسکول وین پر فائرنگ سے ڈرائیور جاں بحق دو طلباء زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سوات کے علاقہ گلی باغ میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار نے نجی اسکول کی وین پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اسکول وین ڈرائیور حسین احمد جاں بحق جبکہ دو طلباء زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والوں کو خوازہ خیلہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، فائرنگ کا واقعہ پیر کی صبح سوات کے علاقہ گلی باغ میں پیش آیا۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق زخمی طلباء میں ایک کا تعلق صوابی سے ہے جس کا والد گلی باغ کیڈٹ کالج میں پروفیسر کے پوسٹ پر تعینات ہے۔
موقع پر جاں بحق ہونے والے ڈرائیور کی شناخت حسین احمد ولد عنایت اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی ہونے والے سوات پبلک سکول کے دو طالب علم اظہر حسین ولد جان بخت سکنہ (دیر) اور مامون ولد صفی اللہ سکنہ (چترال) شامل ہیں۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد عوام احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔
خیال رہے کہ آج سے ٹھیک دس سال قبل سوات میں ہی ایک اسکول وین پر فائرنگ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں ملالہ یوسف زئی شدید زخمی ہوگئی تھیں۔
Comments are closed on this story.