Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

گلگت کے وزیر رہا، بابوسر ٹاپ پر ٹریفک بحال

عبید اللہ بیگ کی نئی ویڈیو سامنے آگئی
شائع 08 اکتوبر 2022 12:55pm
تصویر: اے پی پی
تصویر: اے پی پی

بابو سر ٹاپ پر مبینہ طور پر یرغمال بنائے جانے والے گلگت بلتستان کے وزیر کرنل (ر) عبیداللہ بیگ کو رہا کر دیا گیا ہے اور علاقے میں ٹریفک بحال ہوگئی ہے۔

علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے بعد عبیداللہ بیگ نے مسلح افراد کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ان کے مطالبات صوبائی حکومت کے سامنے رکھیں گے۔

مقامی اخبار پامیر ٹائمز کے مطابق دیامیر کے ڈپٹی کمشنر، جی بی حکومت کے سابق ترجمان فیض اللہ فراق، اور پی ٹی آئی رہنما شاہ ناصر و دیگر پر مشتمل ایک ٹیم نے مسلح افراد سے مذاکرات کیے جنہیں کرنل عبیداللہ نے مظاہرین قرار دیا۔

بات چیت کا مقصد کرنل(ر) عبداللہ بیگ اور دیگر کی حفاظت یقینی بنانا تھا۔

بابو سر ٹاپ سے جمعہ کے روز سے اطلاعات آرہی تھیں کہ مسلح افراد نے کرنل (ر) عبید اور دیگر لوگوں کو وہاں روک لیا ہے۔ ان میں پاکستانی سیاح بھی شامل بتائے جا رہے تھے۔

عبید اللہ نے اپنی ایک ویڈیو میں کہا تھا کہ انہیں یہاں روک لیا گیا ہے اور انہیں روکنے والے افراد گلگت بلتستان جیل سے اپنے ساتھیوں کی رہائی سمیت دیگر مطالبات کر رہے ہیں۔

ہفتہ کو کرنل عبید کی رہائی کی خبر کے ساتھ پامیر ٹائمز نے ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں گلگت بلتستان کے وزیر چند مقامی لوگوں سے بات چیت کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ”بعد اوقات مطالبات میں وقت لگتا ہے کیونکہ عدالتی اور انتظامی سقم ہیں۔“

کرنل عبید اللہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ لوگوں کا حق ہے کہ وہ اپنے مطالبات کی جانب حکومت کی توجہ دلائیں، ایک طرح سے انہیں نے یہی کیا۔ انہیں میری آمد کا علم نہیں تھا۔ گاڑی نے بھی بابر سر ٹاپ پر خراب ہونا تھا۔ میں ڈی سی صاحب اور ایس ایس پی صاحب کا مشکور ہوں نہوں نے ٹیم بھیجی اور گاڑی ٹھیک کرائی۔

صوبائی وزیر اسلام آباد سے گلگت جا رہے تھے جب انہیں بابو سر ٹاپ پر روکا گیا۔ اپنے پہلے ویڈیو کلپ میں انہوں نے کہا تھا کہ مظاہرین نے ان کے ساتھ کوئی بدتمیزی نہیں کی۔

گلگت بلتستان

Gilgit

babusar top

COL (RETD) OBAIDULLAH BAIG